وزیر ِداخلہ سندھ کا پولیس کیلئے انعام و اسناد کا اعلان
وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے کراچی کے علاقے لانڈھی میں ہوئے خودکش دھماکے کے حوالے سے پولیس ٹیم کو نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کر دیا۔
ایک بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ پولیس کے بر وقت ایکشن اور منظم کارروائی سے دہشت گرد ناکام رہے، بروقت اقدام سے پولیس کا مورال بلند ہوا۔
اس سے قبل وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے لانڈھی دھماکے کی رپورٹ طلب کی تھی۔
انہوں نے ایڈیشنل آئی جی کو واقعے کی جامع تحقیقات کے احکامات جاری کیے تھے۔
وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے حکم دیا تھا کہ تحقیقات اور پولیس ایکشن پر مشتمل رپورٹ ارسال کی جائے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کاروں سے متعلق تمام معلومات حاصل کی جائیں، کسی کو امن و امان سبوتاژ کرنے نہیں دیں گے۔
واضح رہے کہ آج صبح سویرے کراچی کے علاقے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں وین کے قریب خود کش دھماکا ہوا ہے، جس میں 2 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس کے مطابق وین میں موجود ڈرائیور اور گارڈ جاں بحق ہوئے ہیں، گاڑی میں موجود پانچوں غیر ملکی محفوظ رہے جنہیں محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔