بشریٰ بی بی کو کچھ ہوا تو قانونی کارروائی کریں گے، بیرسٹر سیف
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا ہے کہ بشریٰ بی بی نے کہا ان کو کھانے میں زہر دیا جا رہا ہے، اگر انہیں کچھ ہوا تو اس کے بعد ہم قانونی کارروائی کریں گے۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیر صحت خیبر پختونخوا نے چیف سیکریٹری پنجاب کو بھی خط لکھا، بشریٰ بی بی کےطبی معائنے کیلئے کے پی کے ڈاکٹرز کو اجازت دینے کا مطالبہ کیا، ڈاکٹر عاصم نے بشریٰ بی بی کا معائنہ کیا اور کہا کہ مزید ٹیسٹ کی ضرورت ہے۔
بیرسٹر سیف نے مزید کہا کہ اس پر ابھی تک عمل درآمد نہیں ہوا ہے، جج صاحب نے بھی آرڈر جاری کیا کہ ان کا معائنہ کیا جائے، عدالتی حکم کے باوجود سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے معائنے سے انکار کیا کہ اجازت نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا پھر مطالبہ ہے کہ بشریٰ بی بی کے ٹیسٹ شوکت خانم اسپتال کی لیبارٹری میں کروائے جائیں، ہمیں تسلی ہوگی کہ بشریٰ بی بی کی صحت کو خطرہ نہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ فیض آباد دھرنا کمیشن رپورٹ پر وفاقی حکومت کو عمل درآمد کرنا چاہیے، کارروائی کے بعد پتہ لگے گا کہ کون کتنا ملوث تھا۔