وفاقی وزیر توانائی نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سے ملاقات کا وقت مانگ لیا
وفاقی وزیر توانائی اویس خان لغاری نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور سے ملاقات کا وقت مانگ لیا۔
اویس خان لغاری نے علی امین گنڈاپور کو خط لکھا اور بجلی چوری روکنے سے متعلق اقدامات پر ملاقات کےلیے وقت مانگا ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملاقات میں مشترکہ حکمت عملی کےذریعے صورتحال میں بہتری لانے پرغورکیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں بجلی چوری روکنے کےلیے پولیس کی مدد فراہم کی جائے، پولیس کی مدد سے بجلی چوری کےخلاف مہم کامیاب بنائی جاسکتی ہے۔
اویس لغاری نے خط میں یہ بھی کہا کہ پولیس کے تعاون کےلیے آپ سے ذاتی دلچسپی لینے کی درخواست کرتا ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں آپریٹ کرنے والی پیسکو اور ٹیسکو خراب کارکردگی والی ڈسکوز میں شامل ہیں، رواں مالی سال جن کے نقصانات کا تخمینہ 188 ارب روپے لگایا گیا تھا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بجلی چوری روکنے، نقصانات کم اور ریکوریز میں بہتری کےلیے مہم شروع کی ہے، مہم کی کامیابی کا دارومدار صوبائی حکومتوں کے تعاون پر منحصر ہے۔
انہوں نے کہا کہ نقصانات نے پاور سیکٹر کی پائیداری پر سوالیہ نشان کھڑا کردیا ہے، ٹیسکو کے زیرانتظام علاقوں میں کمزور حکومتی عمل داری کا چیلنج درپیش ہے۔
اویس لغاری نے خط میں کہا کہ ممکنہ حل میں ٹیسکو کے علاقوں میں ریکوری کےلیے صوبائی حکومت جامع پلان مرتب کرے۔
اُن کا کہنا تھا کہ دوسرا ممکنہ حل یہ ہے کہ صوبائی حکومت ٹیسکو کے علاقوں میں پاور سپلائی کا بیڑا اٹھالے۔