پرینیتی چوپڑا نے حاملہ ہونے کی افواہوں پر وضاحت دے دی
بالی ووڈ اداکارہ پرینیتی چوپڑا نے حاملہ ہونے کی افواہوں پر بیان جاری کردیا۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے 35 سالہ پرینیتی چوپڑا نے حاملہ اور پلاسٹک سرجری کرانے کی افواہوں سے متعلق بات کی۔
پرینیتی چوپڑا نے کہا کہ فلم کے لیے مجھے 20 کلو وزن بڑھانے کا کہا گیا تھا لیکن میں 16 کلو وزن ہی بڑھا سکی، مجھے فلم کے کردار کے لیے بغیر میک اپ رہنے کے لیے بھی کہا گیا تھا۔
اداکارہ نے اپنی جسمانی تبدیلی کی وجہ سے دوسرے مواقع چھوٹ جانے کے بارے میں بھی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ کئی سالوں سے مجھے ریڈ کارپٹ پر شاید ہی دیکھا گیا ہو، میں نے زیادہ برانڈ شوٹس بھی نہیں کیے کیونکہ میں نے ابھی تک وزن کم نہیں کیا ہے اور میں ویسی ہی دکھ رہی ہوں لیکن میں اس کی پرواہ نہیں کرتی، میں اس قسم کی اداکار ہوں۔
پرینیتی چوپڑا نے کہا کہ اداکارہ ودیا بالن نے مجھے متاثر کیا جب انہوں نے فلم کے لیے اپنا وزن بڑھایا تھا، ہالی ووڈ میں بھی اداکار خود کو بدل لیتے ہیں اور سب کچھ کھو دیتے ہیں، میں بھی اس قسم کی اداکارہ ہوں۔
حمل اور پلاسٹک سرجری کی افواہوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے پرینیتی چوپڑا نے مزید کہا کہ لوگ قیاس آرائیاں کر رہے تھے کہ میں حاملہ ہوں، میں نے بوٹوکس کروایا ہے، میرے بارے میں ہر طرح کی افواہیں تھیں کیونکہ میں ایسی دکھ رہی تھی۔