محمد رضوان کا نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز سے باہر ہونے کا امکان
پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بقیہ 2 میچز میں شرکت مشکوک ہے۔
ذرائع کے مطابق محمد رضوان سے متعلق ٹیم منیجمنٹ کا آج فیصلہ کرنے کا امکان ہے، ٹیم منیجمنٹ اسکین رپورٹ کی روشنی میں فیصلہ کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمد رضوان کچھ عرصے سے ٹانگ کی تکلیف کا شکار ہیں، انہیں تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں زیادہ تکلیف محسوس ہوئی تھی۔
واضح رہےکہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 میچز کی سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث نہیں ہوسکا تھا جبکہ دوسرا میچ پاکستان نے اور تیسرا نیوزی لینڈ نے جیتا تھا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا چوتھا اور پانچواں میچ لاہور میں شیڈول ہے۔