شیشاپنگما سر کرنے کیلئے پاکستانی کوہ پیماؤں کا انتظار طویل ہوگیا
8027 میٹر بلند شیشاپنگما سر کرنے کےلیے پاکستانی کوہ پیماؤں کا انتظار طویل ہوگیا، چینی حکام نے اس سیزن میں شیشاپنگما سر کرنے کا پرمٹ جاری کرنے سے انکار کردیا۔
پاکستان کے شہروز کاشف، سرباز علی اور نائلہ کیانی شیشاپنگما سر کرنے کےلیے نیپال میں تیاری کر رہے تھے۔
واضح رہے کہ 8027 میٹر بلند شیشاپنگما دنیا کی 14ویں بلند ترین چوٹی ہے۔
شہروز اور سرباز دنیا میں 8 ہزار میٹر سے بلند 14 میں سے 13 چوٹیاں سر کرچکے ہیں۔ دونوں کوہ پیماؤں کو 14 ’ایٹ تھاوزنڈر‘ مکمل کرنے کےلیے صرف شیشاپنگما ہی سر کرنا باقی ہے۔
اب تک کوئی بھی پاکستانی کوہ پیما 8 ہزار میٹر سے بلند تمام 14 سر نہیں کرسکا۔ شہروز اور سرباز گزشتہ برس اکتوبر میں حادثے کی وجہ سے اس چوٹی کو سر نہیں کرسکے تھے۔
چینی حکام کی جانب سے شیشاپنگما پرمٹ اکتوبر میں دیے جانے کا امکان ہے۔
شیشاپنگما سر کرکے شہروز کاشف تمام 14 8 ہزار میٹر سے بلند چوٹیاں سر کرنے والے کم عمر ترین ماونٹینئر بھی بن جائیں گے۔
شیشاپنگما پرمٹ نہ ملنے کے بعد نائلہ کیانی اب نیپال میں مکالو سر کریں گی، نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے بلند 10 چوٹیاں سر کرنیوالی واحد پاکستانی خاتون ہیں۔