میڈرڈ میں شوکت خانم کینسر ہسپتال کے لئے فنڈ ریزنگ آگاہی پروگرام،پاکستانی کمیونٹی کی بھرپور شرکت
میڈرڈ/ سابق صدر پی ٹی آئی اسپین شہزاد اصغر بھٹی، صدر میڈرڈ پی ٹی آئی قیصرصدیق زاہد، عاصم ریاض گجر،ملک کامران،چوہدری تصمبرگجر اور ان کی ٹیم کی کوششوں سےاسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں شوکت خانم کینسر ہسپتال کے لئے فنڈ ریزنگ آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا،جس کے مہمان خصوصی معروف شاعر وصحافی کالم نگار وصی شاہ اور ڈاکٹر کاشف نے خصوصی شرکت کی،آگاہی پروگرام میں میڈرڈ،ویلنسیا،بارسلونا اور دیگر شہروں سے پاکستانی کمیونٹی نے بھر پور شرکت کی۔
پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ والہ وسلم سے ہوا۔اسٹیج سیکرٹری کے فرائض عاصم ریاض گجر اور میاں شاہد حمید آرائیں نے سرانجام دئیے،
ڈاکٹر کاشف نے شوکت خانم میموریل کینسر ہسپتال پر ڈاکو منیٹری کے ذریعے مکمل بریفنگ دیاور بتایا کہ سالانہ اخراجات اور فنڈز کے ذریعے کتنی رقم جمع ہوتی ہے،انہوں نے بتایا کہ آپ کی دی ہوئی رقم نہایت شفاف انداز میں استعمال کی جاتی ہے تھرڈ پارٹی آڈٹ کرایا جاتا ہے،ہسپتال میں داخل تمام مریضوں کے ساتھ چاہے کوئی امیر ہے یا غریب برابری کی سطح پربرتاؤ کیا جاتا ہے کوئی امتیازی سلوک نہیں کیا جاتا،انہوں نے کہا کہ آپ لوگ شوکت خانم ہسپتال کے نیٹ ورک کا حصہ بنیں اور غریب ونادار مریضوں کا سہارا بنیں
صدر پی ٹی آئی اسپین محمد شیراز بھٹی،سابق صدر پی ٹی آئی اسپین شہزاد اصغر بھٹی،میاں شاہد حمید آرائیں،سید ذوالقرنین شاہ،مہر جمشید احمد ،فاروق وڑائچ،وقاراحمد،منیر احمد،چوہدری نوازناگرہ،فخرعباس شاہ،محمد وسیم ارشاد اور دیگر نے خطاب کیا۔
صدر پی ٹی آئی اسپین شیراز بھٹی نے کہا کہ ہمیں انسانیت کی خدمت کے لئے آگے بڑھنا چاہئیے،عمران خان نے دکھی انسانیت کی خدمت کے ذریعے نوجوان نسل کو بھی رفاحی کاموں کی جانب مائل کیا ہے اور آج نوجوان فلاحی کاموں میں آگے آرہے ہیں،پاکستان کو ایک فلاحی ریاست بنانے میں ہمیں مل کر عمران خان کا ساتھ دینا چاہئیے۔اس موقع پر انہوں نے شوکت خانم میموریل ہسپتال کی فنڈ ریزنگ مہم کا حصہ بنتے ہوئے دوہزار یوروز دینے کا بھی اعلان کیا
سابق صدر پی ٹی آئی اسپین شہزاد اصغر بھٹی نے بھی ایک ہزار یورو دینے کااعلان کیا اور کہا کہ ہمیں شوکت خانم فنڈ ریزنگ مہم کا حصہ بننا چاہئیے کیونکہ آپ لوگوں کی جانب سے دئیے ہوئے عطیہ سے ہی دکھی انسانیت کی خدمت ممکن ہوگی
مہر جمشید احمد نے پرجوش انداز میں کہا کہ ایک انسان کو جیل میں رکھا ہوا ہے جو انسانیت کا درد رکھتا ہے،جبکہ چوروں کو اقتدار دیا ہوا ہے اس طرح ہم کبھی بھی پاکستان کو ایک کامیاب اور فلاحی ریاست نہیں بنا سکتے
میاں شاہد حمید آرائیں نے جذباتی انداز میں نظامت کرتے ہوئے ہال میں موجود لوگوں کو متحرک کرتے ہوئے فنڈ ریزنگ کی اور لوگوں نے دل کھول کر عطیات دئیے،عمران خان ملک کے لئے عوام کے لئے مسیحا ہے جس نے لاہور ،پشاور اور کراچی میں جدید ترین ہسپتال بنا دئیے اور اپنی ماں کو رہتی دنیا تک زندہ جاوید کردیا۔
پروگرام کے اختتام پر تمام شرکاء کو کھانا پیش کیا گیا۔