انگلش چینل، 8 کشتیوں کے ذریعہ مزید 526 افراد برطانیہ پہنچ گئے

لندن (ہارون مرزا) منگل کو بھی انگلش چینل عبور کر کے500افراد برطانیہ پہنچے، جس کے بعد رواں سال غیر قانونی طورپر برطانیہ پہنچنے والوں کی مجموعی تعداد 19,820 ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ سال اس عرصے کے دوران برطانیہ پہنچنے والے غیر قانونی تارکین کی تعداد 19,801تھی۔ بارڈر فورس کی جانب سے جاری کردہ تصاویر میں ڈوور پورٹ پر لائف جیکٹس پہنے اور کمبل لپیٹے لوگوں کو، جن میں مرد وخواتین کے علاوہ بچے بھی شامل تھے، بارڈر فورس کی کشتیوں سے اترتے دکھایا گیا جبکہ ایک بچے کو وہیل چیئر پر پورٹ پر اتارتے دیکھا گیا۔ ہوم آفس کے مطابق 19 اگست کو آنے والے 206 افراد کے بعد برطانیہ پہنچنے والے غیر قانونی تارکین کی یہ دوسری کھیپ تھی۔ ہوم آفس کے ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم سب چھوٹی کشتیوں کے ذریعہ چینل کراس کرنے کے اس سلسلے کا خاتمہ چاہتے ہیں، نئی حکومت ایک بارڈر سیکورٹی کمانڈ کے قیام کے ذریعے، جو ہماری انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر کام کرے گی اور انسداد دہشت گردی کے جدید آلات سے لیس ہوگی، بارڈر سیکورٹی کو مضبوط بنانے کی کوشش کررہی ہے۔ اس سیکورٹی کمانڈ کے سیکڑوں اہلکار انسانی اسمگلنگ کے ذریعے لاکھوں پونڈ کمانے والے گروہوں کا قلع قمع کرنے کیلئے برطانیہ میں اور بیرون ملک تعینات کئے جائیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے