اسپین میں سیاحوں کو روکنے کے لئے شہریوں کا انوکھا احتجاج
بارسلونا (نیوز ڈیسک) اسپین میں سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے خلاف احتجاج ریکارڈ کروانے کے لیے شہریوں نے منفرد طریقہ اختیار کرلیا۔برطانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق اسپین کے ایک گاؤں میں شہریوں نے سیاحوں کو ساحل تک جانے سے روکنے کے لیے احتجاج کیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہیو گاؤں کے لوگوں نے ساحل کی جانب جانے والی سڑک پر پیدل چلنے والوں کے لیے بنی 3زیبرا کراسنگ پر چہل قدمی شروع کردی جس کی وجہ سے گاڑیوں کو مجبوراً رکنا پڑا۔ شہریوں کے اس انوکھے احتجاج کے باعث سڑک پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں جبکہ کئی ڈرائیوروں نے واپس جاکر طویل راستہ اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ انہیں سیاحوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے سبب مقامی انتظامیہ سے ٹریفک میں کمی لانے کا مطالبہ کیا تھا جو پورا نہ ہوا۔ شہریوں کا یہ بھی کہنا ہے کہ وہ ساحل کا ضرورت سے زیادہ استعمال بھی روکنا چاہتے ہیں کیونکہ اس سے ساحل کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ اس سے قبل اسپین کے دوسرے بڑے شہر بارسلونا میں شہریوں نے سیاحوں کی بڑھتی تعداد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تھا اور مظاہرین نے ہوٹلوں میں بیٹھے کچھ سیاحوں پر پانی بھی پھینکا تھا۔