فورٹی پلس ٹورنامنٹس سے فوائد حاصل کررہے ہیں،محمد سلیمان گوندل

بارسلونا(دوست نیوز)فورٹی پلس ٹورنامنٹس کے فوائد حاصل ہونا شروع ہوگئے ہیں،اور نوجوان کرکٹ کے میدانوں کی جانب راغب ہو رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار فورٹی پلس ٹورنامنٹس کے بانی رکن محمد سلیمان گوندل نے کیا انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ معروف بزنس مین چوہدری امانت حسین مہر نے فورٹی پلس کے آئیڈیا پر کام کیا اور ہم نے متعدد ٹورنامنٹس کرائے جن کا ایک ہی مقصد تھا کہ نوجوان اپنے بڑوں کو میدان میں دیکھیں تو ان میں کرکٹ کا ذوق وشوق پیدا ہو اور وہ میدانوں کی جانب آئیں ،

انہوں نے کہا کہ کل یوم پاکستان کے حوالہ سے قونصل خانہ بارسلونا کی جانب سے قونصل جنرل مراد علی وزیر کی خصوصی دلچسپی کے باعث گرین پاکستان اور وائیٹ پاکستان کے نام سے دونوجوانوں کی ٹیموں کے درمیان میچ دیکھا تو خوشی ہوئی کہ جس عزم کا اظہار ہم نے کیا تھا وہ آج پورا ہوتا ہوا دکھائی دے رہا ہے اورہمارے نوجوان بڑوں کے نقش قدم پر میدانوں کو آباد کررہے ہیں

محمد سلیمان گوندل نے کہا کہ قونصل جنرل مراد علی وزیر نے پاکستان کے جھنڈے کی جس طرح عزت افزائی کی ہے اور نوجوانوں میں پاکستان کے مقبول کھیل کو متعارف کرایا ہے وہ قابل تحسین ہے،اور ہم قونصل جنرل مراد علی وزیر کے اس اقدام کی بھر پور تحسین کرتے ہیں اور ایسے تمام کام جو پاکستان اور نوجوانوں کی بہتری کے لئے ہوں ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں

انہوں نے مزید کہا کہ جس میدان میں کل میچ ہوا وہ بھی مقامی حکومت کی جانب سے خاص طور پر کرکٹ کے لئے لیا گیا تھا جس کے لئے باقاعدہ ووٹنگ ہوئی تھی،اور اس کے حصول میں علی رشید بٹ،طاہر رفیع،حافظ عبدالرزاق صادق اور دیگر پاکستانیوں نے کاوشیں کیں ان سب کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں
