تحریک انصاف کے 600 سے زائد کارکن آج پی پی میں شامل ہوئے، وقار مہدی

وقار مہدی: فوٹو فائل

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سندھ کے جنرل سیکریٹری وقار مہدی نے  کہا ہے کہ تحریک انصاف کے 600 سے زائد کارکن آج پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے ہیں۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وقار مہدی نے کہا کہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 245 اور سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 118 سے تعلق رکھنے والے  پی ٹی آئی کارکن کراچی ڈویژن کے فنانس سیکریٹری عبدالصمد کی قیادت میں پیپلز پارٹی میں شامل ہوئے۔

وقار مہدی نے کہا کہ پیپلز پاٹی کے امیدواروں کو اس کا فائدہ ہوگا، ہم جھوٹے وعدے نہیں کرتے ہیں، بانی پی ٹی آئی نے ایک رات کراچی میں نہیں گزاری، 1100 ارب، ایک کروڑ نوکریوں کی بات کی گئی، لیکن کسی کو نوکری نہیں دی، ایم کیو ایم کو سالانہ 50، 50 کروڑ روپے دیے گئے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ ہمارا میئر کراچی آیا اس نے سب جگہ کام کیا، وسیم اختر بھی میئر رہے لیکن اختیارات کا رونا روتے رہے۔

وقار مہدی نے مزید کہا کہ حیدری مارکیٹ میں ایم کیو ایم کارکنان نے ہمارے دفتر پر حملہ کیا، ہم نے ایف آئی آر درج کروائی ہے، ایم کیو ایم کو شکست نظر آرہی ہے، اس لیے انتخابات سے خوفزدہ ہے، پیپلز پارٹی اکثریتی پارٹی بننے جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے