بارسلونا: معروف ہسپانوی ریپر موراد کو اتوار کے روز بارسلونا میں پولیس کے ساتھ ایک نئے تنازع کے بعد گرفتار کر لیا گیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب گواردیا اربانا کے اہلکار بغیر ہیلمٹ اسکوٹر چلانے والے دو افراد کی شناخت کر رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق موراد پاؤ کلاریس اور مالورکا اسٹریٹ کے چوراہے پر موجود تھا، جہاں اس نے پولیس اہلکاروں کی کارروائی کی ویڈیو بنانا شروع کردی اور انہیں مبینہ طور پر مخاطب کرتے ہوئے اعتراض کیا۔ اہلکاروں نے بعد ازاں موراد سے بھی شناختی دستاویزات طلب کیں، تاہم اس کے پاس شناختی دستاویز موجود نہیں تھی۔
اسپینش میڈیا کے مطابق پولیس اہلکاروں نے موراد کو ایک طرف کرنے کی کوشش کی تو اس نے مبینہ طور پر ایک پولیس اہلکار کے بازو پر ضرب لگائی، جس کے بعد اسے سرکاری اہلکار پر حملے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
یہ موراد کا حالیہ مہینوں میں پولیس یا حکام کے ساتھ پہلا تنازع نہیں ہے۔ جون میں بھی اسے بارسلونا کی ایک پارکنگ میں ہونے والی لڑائی میں مداخلت کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ اس واقعے میں بھی الزام تھا کہ ریپر نے ایک شخص کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس وقت بھی وہ اپنی شناختی دستاویزات ساتھ نہیں رکھتا تھا اور پولیس نے شناخت سے مبینہ انکار اور اہلکاروں کے ساتھ بے احترامی پر انتظامی کارروائی کی تھی۔
اس سے قبل اپریل کے آخر میں موسوس دِ اسکوادرا کی ایک سادہ لباس میں گشت کرنے والی ٹیم نے اسے ہسپتالیت دے لوبریگات میں ایونیو دے کاتالونیا پر روکا تھا۔ موراد کے خلاف اپنے سوتیلے والد کے ساتھ سابقہ تنازع کے باعث علاقے میں داخلے سے متعلق پابندی کا عدالتی حکم موجود تھا، جس کی خلاف ورزی کے الزام میں اسے گرفتار کیا گیا۔
موراد ماضی میں بھی پولیس سے مختلف جھڑپوں اور خاندانی تنازعات کے باعث متعدد بار گرفتار ہو چکا ہے۔ وہ خطرناک ڈرائیونگ کے جرم میں جیل بھی جا چکا ہے۔ 2021 میں ہسپتالیت دے لوبریگات میں میوزک ویڈیو کی ریکارڈنگ کے دوران پولیس کے ساتھ ایک بڑے تنازع اور اسی سال موسوس اہلکاروں کے ساتھ تعاقب کے دوران مبینہ طور پر برقی دفاعی آلے (ٹیزر) کے ذریعے دھمکانے کے واقعے کا بھی ذکر سامنے آ چکا ہے۔
