پشاور زلمی کا پی ایس ایل 9 کے شیڈول پر تحفظات کا اظہار
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز پشاور زلمی نے پی ایس ایل 9 کے شیڈول پر تحفظات کا اظہار کردیا ہے۔ زلمی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شیڈول کا اعلان کرنے سے قبل اعتماد میں نہیں لیا گیا تھا۔
پشاور زلمی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں ٹیم انتظامیہ نے کہا کہ اصولی طور پر پشاور میں پی ایس ایل 9 کے میچز کا انعقاد ہونا چاہیے تھا۔ انتظامیہ کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کے میچز شیڈول اور وینیوز پر شدید تحفظات ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق شیڈول کے تمام عمل میں نہ پشاور زلمی کو شامل کیا گیا اور نہ ہی شیڈول ریلیز کرنے سے قبل اعتماد میں لیا گیا۔
پشاور زلمی مینجمنٹ نے بیان میں کہا کہ پشاور زلمی کے صرف چار میچز راولپنڈی اور صرف ایک میچ کراچی میں شیڈول ہونے پر زلمی انتظامیہ مایوس ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق شیڈول ریلیز ہونے سے قبل پشاور زلمی نے پانچ میچز پشاور سے قریب وینیو راولپنڈی اور کراچی میں زلمی سپورٹ ہونے کی وجہ سے تین میچز کی درخواست کی تھی۔
انتظامیہ نے کہا کہ پشاور زلمی کے سپورٹر پشاور سے راولپنڈی آکر ہاؤس فل کرتے ہیں اور کراچی میں بھی پشاور زلمی کی بڑی فینز بیس موجود ہے۔
انتظامیہ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ شیڈول ریلیز ہونے کے بعد پشاور کے لاہور میں شیڈول چار میچز کو کم کر کے پانچ میچز پنڈی اور تین کراچی میں کروانے کی درخواست کی گئی جبکہ پی سی بی ہیڈ کوارٹر جاکر بھی اپنے تحفظات سے بورڈ حکام کو آگاہ کیا تھا۔
ٹیم کا کہنا تھا کہ موجودہ شیڈول سے نہ صرف پشاور زلمی کے فینز شدید مایوس ہیں بلکہ ساتھ ہی زلمی کے کمرشل اینڈ مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ کو بھی مشکلات اور تحفظات ہیں۔
اس کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی راولپنڈی میں اپنے مزید تین میچز کروانے کا مطالبہ کرتی ہے اور پی ایس ایل 9 کے دوران صورتحال پر احتجاج جاری رہے گا۔