میڈرڈ: کولمبیائی گلوکارہ شکیرا اپنے میڈرڈ میں ہونے والے 12 کنسرٹس سے حاصل ہونے والی متوقع آمدنی سے بیلاری جزائر میں 114 مکانات خرید سکتی ہیں۔ پراپرٹی پورٹل Fotocasa کے ایک تجزیے کے مطابق شکیرا کو ان کنسرٹس سے تقریباً 5 کروڑ یورو خالص آمدنی حاصل ہونے کا اندازہ ہے۔
Fotocasa نے یہ حساب اگست میں مختلف علاقوں میں گھروں کی اوسط قیمتوں اور شکیرا کے میڈرڈ میں ہونے والے کنسرٹس سے متوقع آمدنی کو سامنے رکھتے ہوئے کیا ہے۔ تجزیے کے مطابق بیلاری جزائر ان علاقوں میں شامل ہے جہاں 5 کروڑ یورو سے سب سے کم تعداد میں مکانات خریدے جا سکتے ہیں۔ یہاں یہ رقم تقریباً 114 مکانات خریدنے کے لیے کافی ہوگی، جبکہ میڈرڈ میں تقریباً 115 مکانات خریدے جا سکتے ہیں۔
بیلاری جزائر میں اگست کے دوران مکانات کی اوسط قیمت 5,443 یورو فی مربع میٹر رہی۔ اس حساب سے 80 مربع میٹر کے ایک اوسط گھر کی قیمت تقریباً 4 لاکھ 35 ہزار 459 یورو بنتی ہے۔
Fotocasa نے یہ تخمینہ شکیرا کے Las Mujeres Ya No Lloran World Tour کے تحت میڈرڈ میں ہونے والے 12 کنسرٹس کی بنیاد پر لگایا ہے۔ ہر کنسرٹ میں 50 ہزار سے زائد افراد کی شرکت متوقع ہے، جبکہ ٹکٹ کی اوسط قیمت تقریباً 140 یورو بتائی گئی ہے۔
ان اعداد و شمار کی بنیاد پر کل مجموعی آمدنی تقریباً 8 کروڑ 40 لاکھ یورو بنتی ہے۔ Fotocasa نے اس میں سے تقریباً 60 فیصد رقم کو شکیرا کی ممکنہ آمدنی تصور کیا ہے، جس میں پروموٹر، کنسرٹ کی تیاری، بینڈ، اسٹیج، نقل و حمل اور ٹیکس سمیت دیگر اخراجات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
تجزیے کے مطابق یہی 5 کروڑ یورو ایکسٹریمادورا میں 452، کاسٹیلا لا مانچا میں 435، اندلس میں 211، کاتالونیا میں 179 اور میڈرڈ میں 115 مکانات خریدنے کے لیے کافی ہوں گے۔
پورے اسپین میں 80 مربع میٹر کے گھر کی اوسط قیمت تقریباً 2 لاکھ 53 ہزار 270 یورو بتائی گئی ہے، جس کے مطابق شکیرا کی متوقع آمدنی سے تقریباً 197 گھر خریدے جا سکتے ہیں۔
