گلین میکسویل شراب نوشی کے باعث اسپتال میں داخل، تحقیقات کا آغاز
آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر گلین میکسویل کو رات گئے ضرورت سے زیادہ شراب نوشی کے سبب اسپتال میں داخل کر دیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق گلین میکسویل کو ایڈیلیڈ میں گزشتہ جمعے کو رات گئے تک پارٹی میں شراب نوشی کے باعث طبعیت بگڑنے پر ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا۔
آسٹریلوی کھلاڑی کو رائل ایڈیلیڈ اسپتال کے طبی عملے نے معائنے کے بعد اسی روز اسپتال سے گھر جانے کی اجازت دے دی، اگلے روز گلین میکسویل نے ٹی20 سیریز کے لیے لگائے گئے ٹریننگ کیمپ میں شرکت کی۔
میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس واقعے کے بعد کرکٹ آسٹریلیا (سی اے) نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق اوول میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں شریک آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے کھلاڑیوں نے بھی اس کنسرٹ میں شرکت کی تاہم میکسویل علیحدہ سے کنسرٹ میں پہنچے تھے۔
واضح رہے کہ گلین میکسویل نے آخری میچ 15 جنوری کو بگ بیش کا کھیلا تھا جس میں انہوں نے میلبرن اسٹارز کی نمائندگی کی تھی۔
انہوں نے بگ بیش لیگ کی ٹیم میلبرن اسٹار کی کپتانی سے استعفیٰ بھی دے دیا ہے۔
کرکٹ آسٹریلیا نے انہیں ویسٹ انڈیز کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز میں آرام دیا ہے تاہم وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل بھی گلین میکسویل گالف کھیلنے کے دوران گر کر زخمی ہو گئے تھے جس میں انہیں چہرے اور سر پر چوٹیں آئی تھیں۔