کاتالونیا میں موسم نے کروٹ لے لی ہے اور منگل کے روز شدید بارشوں کے باعث کئی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ موسمیاتی ادارے میٹیوکَیٹ (Meteocat) نے بارسلونا کے ساحلی علاقوں سمیت بعض مقامات پر بارشوں کے حوالے سے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ سول پروٹیکشن ادارے پروٹیکسیو سول (Protecció Civil) نے منگل کی صبح سے ’’پلان اِنونکَیت‘‘ (Pla Inuncat) فعال کر دیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو کاتالونیا کے بیشتر علاقوں میں آسمان گھنے بادلوں سے ڈھکا رہے گا، خاص طور پر ساحلی اور ساحل سے ملحقہ علاقوں میں بادل زیادہ ہوں گے۔ دن گزرنے کے ساتھ بارش کا سلسلہ دیگر علاقوں تک پھیلنے کا امکان ہے۔ ساحلی علاقوں میں بعض مقامات پر شدید بارش کے ساتھ گرج چمک بھی ہو سکتی ہے۔
میٹیوکَیٹ نے وسطی اور جنوبی ساحلی علاقوں کے لیے نارنجی جبکہ پری لٹورال اور جیرونا کے ساحلی علاقوں کے لیے زرد الرٹ جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ بارسلونا کے گراف، بایش لوبریگات، بارسیلونیس، ماریزمہ، بایش اور وایش یورینت، آلت پینیدیس اور جیرونا کے لا سیلوا میں ریڈ الرٹ نافذ کیا گیا ہے۔
بارسلونا میں بعض مقامات پر صرف تین گھنٹوں کے دوران بارش کی مقدار 100 ملی میٹر سے تجاوز کر سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات نے شدید بارش کے ساتھ طوفان کا امکان بھی ظاہر کیا ہے۔
پروٹیکسیو سول نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے، دریاؤں، ندی نالوں اور سیلاب کے خطرے والے علاقوں سے دور رہنے اور پانی جمع ہونے والی سڑکوں کو پیدل یا گاڑی کے ذریعے عبور نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو زیرِ زمین مقامات یا ندی نالوں میں گاڑیاں پارک کرنے سے بھی گریز کرنے اور سفر سے پہلے سڑکوں کی صورتحال اور موسم کی پیش گوئی چیک کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
شدید بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں بھی نمایاں کمی متوقع ہے اور بیشتر علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 ڈگری سے نیچے رہنے کا امکان ہے۔ تاہم پونینت اور تیراس دے لِیبری میں درجہ حرارت نسبتاً زیادہ رہ سکتا ہے۔
بدھ کو موسم میں عارضی بہتری متوقع ہے، تاہم ساحلی علاقوں میں رات اور صبح کی بارش کے بعد بارشیں اندرونِ ملک اور پیرینیز کی جانب منتقل ہو سکتی ہیں۔ جمعرات سے شمال مغربی علاقوں میں بارش دوبارہ تیز ہونے اور بعد ازاں پورے کاتالونیا میں پھیلنے کا امکان ہے۔
