اسپین کے بڑے شہروں میڈرڈ اور بارسلونا میں رہائش کا بحران شدت اختیار کرتا جا رہا ہے، جہاں ماہانہ 2 ہزار یورو خالص آمدنی رکھنے والے افراد کے لیے بھی اکیلے کرائے کا گھر حاصل کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ صارفین کی تنظیم OCU کی جانب سے ستمبر میں جاری کی گئی دو رپورٹس کے مطابق، کرایوں میں اضافے اور دستیاب گھروں کی کمی نے رہائشیوں کے لیے مشکلات بڑھا دی ہیں۔
OCU نے ایک مستقل ملازمت رکھنے والے ایسے فرد کو بنیاد بنایا جو مستقل رہائش کے لیے گھر تلاش کر رہا ہو اور ابتدائی اخراجات ادا کرنے کے لیے کچھ بچت بھی رکھتا ہو۔ 700 یورو ماہانہ کرایے کو آمدنی کے 35 فیصد کے برابر قرار دیا گیا، جبکہ ایک ہزار یورو کرایہ ماہانہ آمدنی کا نصف بنتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق میڈرڈ میں 700 یورو سے کم کرائے پر صرف 13 گھر دستیاب ملے، جبکہ بارسلونا میں ایسے گھروں کی تعداد صرف 9 تھی۔ ایک ہزار یورو تک کرایہ بڑھانے پر میڈرڈ میں 543 اور بارسلونا میں 150 گھروں کی نشاندہی ہوئی، تاہم ان میں سے کئی مستقل رہائش کے لیے دستیاب نہیں تھے۔
بارسلونا میں ایک ہزار یورو سے کم کرائے والی 84 فیصد جائیدادیں عارضی کرائے کے لیے تھیں، جبکہ میڈرڈ میں اسی قیمت کے دائرے میں تقریباً 30 فیصد مکانات مختصر مدت کے کرائے پر دستیاب تھے۔
ابتدائی اخراجات بھی ایک بڑی رکاوٹ ہیں۔ مالکان اکثر دو یا تین ماہ کے کرائے کے برابر ضمانت اور پہلے ماہ کا کرایہ طلب کرتے ہیں۔ چنانچہ ایک ہزار یورو ماہانہ کرائے والے گھر کے لیے چابیاں ملنے سے پہلے تقریباً 4 ہزار یورو تک ادا کرنا پڑ سکتے ہیں۔
طلبہ کے لیے بھی صورتحال آسان نہیں۔ OCU کے مطابق بارسلونا میں کمرے کا اوسط ماہانہ کرایہ 735 یورو جبکہ میڈرڈ میں 689 یورو ہے۔ گزشتہ تین برس میں کمروں کے کرایوں میں 25 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوچکا ہے۔
