میڈرڈ/ اسپین میں ہاؤسنگ سے متعلق حکومت کے دونوں حکمنامے پارلیمنٹ میں مسترد ہونے کے بعد ملک میں قبل از وقت عام انتخابات کے امکان پر سیاسی بحث تیز ہوگئی ہے۔
حکومت کے بعض ذرائع کے مطابق پی ایس او ای (PSOE) کے کچھ وزرا اور رہنما وزیراعظم پیدرو سانچیز پر زور دے رہے ہیں کہ موجودہ سیاسی صورتحال میں انتخابات جلد کرانے پر غور کیا جائے۔ لا وانگواردیا کے مطابق ایک سوشلسٹ وزیر نے کہا کہ ’’یہ انتخابات کرانے کا موقع ہے‘‘۔ تاہم یہ وزیراعظم کا حتمی اعلان نہیں بلکہ حکومتی حلقوں میں زیرِ بحث ایک ممکنہ سیاسی راستہ ہے۔
رپورٹ کے مطابق اگر سانچیز قبل از وقت انتخابات کا فیصلہ کرتے ہیں تو 29 نومبر 2026 کو انتخابات کرانے کی تاریخ زیرِ غور ہے۔ اب تک حکومت کی جانب سے انتخابات 2027 میں کرانے کے مختلف امکانات پر غور کیا جا رہا تھا۔
ہاؤسنگ کے دونوں حکمناموں کو PP، Vox اور Junts کی مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ ان میں کمزور حالات سے دوچار افراد کے لیے بے دخلی سے تحفظ اور بعض کرایہ داری معاہدوں میں اضافی توسیع سمیت اقدامات شامل تھے۔ حکومتی اندازوں کے مطابق ایک تجویز مسترد ہونے سے تقریباً 50 لاکھ افراد کے لیے ممکنہ کرایہ داری تحفظ متاثر ہوسکتا ہے۔
دوسری جانب جنتس کا مؤقف ہے کہ حکومت کے مجوزہ اقدامات رہائش کی دستیابی کم، کرائے زیادہ اور کم آمدنی والے خاندانوں کے لیے گھر حاصل کرنا مزید مشکل کرسکتے ہیں۔ جماعت نے حکومت سے موجودہ حکمنامے واپس لے کر نئے متن پر مذاکرات کا مطالبہ بھی کیا ہے۔
اسی دوران ہاؤسنگ بحران کے خلاف میڈرڈ کے پورتا دیل سول Puerta del Sol اور اسپین کے دیگر شہروں میں احتجاج اور کیمپ جاری ہیں، جس نے ہاؤسنگ پالیسی کو موجودہ سیاسی بحث کا مرکزی موضوع بنا دیا ہے۔
ابھی تک وزیراعظم پیدرو سانچیز کی جانب سے قبل از وقت انتخابات کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
