کاتالونیا میں شدید بارشوں اور ممکنہ بحیرۂ روم کے ’’منی ہریکین‘‘ کے خطرے کے باعث صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی ہے۔ بارسلونا سمیت کاتالونیا کی 20 کاؤنٹیز میں زیادہ سے زیادہ خطرے کی وارننگ جاری کی گئی ہے، جبکہ بعض علاقوں میں چند گھنٹوں کے دوران 200 لیٹر فی مربع میٹر تک بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ الرٹ اتوار کی دوپہر 2 بجے تک جاری رہے گا۔
شدید بارشوں کے باعث بارسلونا اور اس کے مضافاتی علاقوں میں کئی مقامات زیرِ آب آگئے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا مجموعی حجم 100 لیٹر فی مربع میٹر سے تجاوز کرگیا، جبکہ بعض علاقوں میں 120 سے 130 لیٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارسلونا کے L1 اور L5 میٹرو روٹس کے بعض حصوں میں پانی جمع ہونے کے باعث سروس معطل کردی گئی۔ ٹرام کی T4، T5 اور T6 لائنیں بھی بند کردی گئیں، جبکہ Rodalies، Ferrocarrils de la Generalitat اور علاقائی و تیز رفتار ٹرینوں کی سروس بھی شدید متاثر ہوئی ہے۔
بارسلونا کے ایل پراٹ ایئرپورٹ پر تقریباً 200 پروازیں منسوخ ہوچکی ہیں جبکہ بعض پروازوں میں پانچ گھنٹے تک تاخیر ریکارڈ کی گئی ہے۔ متعدد یورپی شہروں کے لیے آنے اور جانے والی پروازیں متاثر ہوئی ہیں۔
بارش کے باعث روندا دی دالت سمیت شہر کی مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے۔ L’Hospitalet، Cornellà اور Esplugues میں فائر بریگیڈ کو صرف دو گھنٹوں کے دوران تقریباً 80 امدادی کالز موصول ہوئیں، جن میں زیادہ تر نشیبی علاقوں اور سڑکوں میں پانی بھرنے سے متعلق تھیں۔
ایمرجنسی نمبر 112 کو رات 9 بجے تک تقریباً 1,195 کالز موصول ہوئیں، جن میں تقریباً 400 کالز سیلاب سے متعلق تھیں۔ حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ 112 پر صرف حقیقی ہنگامی صورتحال میں رابطہ کریں۔
دریائے Llobregat کا بہاؤ بھی صبح کے مقابلے میں تقریباً 15 گنا بڑھ کر 165 مکعب میٹر فی سیکنڈ تک پہنچ گیا ہے اور اس میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔
کاتالونیا کی حکومت نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں میں رہیں اور غیر ضروری سفر سے مکمل طور پر گریز کریں۔ بارسلونا میں پارکس، ساحل، میونسپل سہولیات اور متعدد عوامی مقامات بند کردیئے گئے ہیں۔
ریڈ کراس نے بھی بارسلونا، ماتارو، سانت کوگات، تیراسا اور کاستیل دی فیلز سمیت مختلف علاقوں میں بے گھر افراد کے لیے ایک سو سے زائد عارضی رہائش کی جگہیں قائم کی ہیں۔
حکام کے مطابق یہ صورتحال غیر معمولی ہے، جبکہ محکمہ موسمیات کی ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ کاتالونیا میں بارش کی شدت اور مجموعی مقدار سے متعلق تین مختلف ریڈ الرٹس کا ایک ساتھ فعال ہونا ایک غیر معمولی واقعہ ہے۔
حکومت نے شہریوں کو واضح ہدایت دی ہے کہ گھروں میں رہیں، غیر ضروری نقل و حرکت نہ کریں اور ہنگامی اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
