ملک کی معیشت ٹھیک نہیں، کہاں چلا گیا پیسہ؟ مولانا فضل الرحمان
جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ ملک کی معیشت ٹھیک نہیں، کہاں چلا گیا پیسہ؟ جن کو ہم پیسے دیتے تھے آج ان سے ہم مانگ رہے ہیں۔
شکارپور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ملک کو دو چیزیں چاہئیں، ایک انسانی حقوق دوسری خوشحالی، ملک میں کوئی حساب کتاب نہیں، ملک کو انسانی حقوق کی حفاظت کی ضرورت ہے۔
فضل الرحمان نے کہا کہ معیشت تباہ کرنے والے نے جھوٹ بول کر عوام کو گمراہ کیا، اسرائیل، امریکا، بھارت سے پیسے لے کر نوجوانوں کو گمراہ کیا، اس نے ہمارے ملک کے نوجوانوں تباہ اور برباد کیا۔
سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ اسرائیل کو قبول کروانے کا ایجنڈا تھا اور پھر بھی کہتا ہے کہ ہمیں ملک دو، غزہ کے 25 ہزار بے گناہوں کو شہید کرتے ہو اور انسانی حقوق کی بات کرتے ہو، افغانستان 40 سال جنگ میں رہا اور کرنسی ہم سے زیادہ مضبوط ہے۔
انہوں نے کہا کہ فرقہ واریت سے بالاتر ہو کر وطن کی بات کی ہے۔