پہلے ٹیسٹ میں بھارتی ٹیم کو انگلینڈ کے ہاتھوں عبرتناک شکست

فوٹو بشکریہ کرک انفو

انگلینڈ کےلیے بچھائے اسپن وکٹ کے جال میں بھارتی ٹیم خود پھنس گئی، حیدرآباد دکن میں ٹام ہارٹلے نے بھارتی ٹیم کےلیے 231 رنز کا ہدف خواب بنا دیا۔

 پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ہارٹلے نے 7 بھارتی بلے بازوں کو پویلین پہنچایا اور انگلینڈ کو 28 رنز سے فتح دلادی۔

دوسری اننگز میں انگلینڈ کےلیے 196 رنز کی یادگار اننگز کھیلنے والے انگلش بیٹر اولی پوپ پلیئر آف دی میچ قرار پائے۔

حیدر آباد میں چوتھے دن انگلینڈ نے 316 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ سے دوسری اننگز آگے بڑھائی، اولی پوپ نے شاندار بیٹنگ کی، ریحان احمد نے 28 اور ٹام ہارٹلے نے 34 رنز بنا کر اولی پاپ کا ساتھ دیا۔

مارک ووڈ کوئی رن نہ بنا سکے، اولی پوپ بدقسمت رہے اور ڈبل سنچری سے صرف 4 رنز کی دوری پر آؤٹ ہوگئے۔ 

پہلی اننگز میں 190 رنز کی برتری کے باعث بھارت کو 231 رنز کا ہدف ملا، جس کے تعاقب میں کپتان روہت شرما اور یشسوی جیسوال نے 42 رنز کی بنیاد رکھی۔ پھر ٹام ہارٹلے کی اسپین کا جادو چلا اور ایک ایک کر کے بھارتی بیٹرز کو پویلین پہنچاتے رہے۔

 جو روٹ اور انجری کا شکار جیک لیچ نے 1، 1 کھلاڑی کو چلتا کیا۔ آخری وکٹ پر بمرا اور سراج نے 25 رن جوڑے لیکن ہارٹلے نے سراج کو آؤٹ کر کے انگلینڈ کو 28 رنز سے فتح دلادی۔

پہلی بار بھارت کو ہوم گراؤنڈ پر پہلی اننگز میں 190 رنز کی برتری لینے کے بعد ٹیسٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے ہارٹلے نے اننگز میں 7 اور میچ میں 9 شکار کیے، اولی پاپ مین آف دی میچ قرار پائے۔ 5  ٹیسٹ کی سیریز میں انگلینڈ کو 0-1 کی برتری مل گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے