ویرات کوہلی کے بھائی والدہ کی صحت سے متعلق جعلی خبروں پر برہم
ویرات کوہلی ان دنوں بھارتی کرکٹ ٹیم کے ساتھ موجود نہیں ہیں جس کی وجہ سے ان کے حوالے سے بھارت میں افواہیں گردش کرنے لگی ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی نے انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا تھا، وہ دوسرے میچ میں بھی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے اور تیسرے میچ میں بھی ان کی شرکت مشکوک ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس دوران بھارتی کرکٹ بورڈ نے مداحوں پر زور دیا تھا کہ وہ اس حوالے سے افواہوں اور جعلی خبروں پر دھیان نہ دیں کیونکہ سوشل میڈیا پر کچھ اکاؤنٹس سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ویرات کوہلی اپنی والدہ کی صحت کی وجہ سے ٹیم میں نہیں ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اب ویرات کوہلی کے بھائی وکاس نے ان تمام جعلی خبروں اور افواہوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔
ویرات کوہلی کے بھائی وکاس نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا ہے کہ میں نے نوٹس کیا ہے کہ ہماری والدہ کی صحت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر جعلی خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔
وکاس نے لکھا ہے کہ میں واضح کر دوں کہ ہماری والدہ بالکل صحیح اور تندرست ہیں۔
ویرات کوہلی کے بھائی نے میڈیا سمیت سب سے درخواست کی ہے کہ ایسی کوئی بھی خبر صحیح معلومات کے بغیر نہ پھیلائی جائے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اس سے قبل ویرات کوہلی نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے انگلینڈ کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں سے دستبرداری کی درخواست کی تھی جس کی وجہ انہوں نے ذاتی وجوہات بتائی تھیں۔