اسپین میں کئی ہفتوں سے جاری غیر معمولی گرمی کے بعد ہفتے کے آخر میں موسم اچانک تبدیل ہونے والا ہے۔ محکمہ موسمیات (ایمیٹ) نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی کے ساتھ دو دانا طوفانوں کے باعث موسلا دھار بارشیں ہوسکتی ہیں۔ سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں بحیرۂ روم کا ساحلی خطہ اور جزائر بیلیئرز شامل ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موجودہ موسم کا پہلا شدید اثر رکھنے والا دانا طوفان تشکیل پا رہا ہے، جسے ایڈم (Adam) کا نام دیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ خلیجِ کادیز میں ایک دوسرے دانا کے بننے کا بھی امکان ہے۔
ایمیٹ کے ترجمان خوسے اینخل نونیز کے مطابق فی الحال ملک کے مختلف حصوں میں پیلے اور نارنجی الرٹ جاری ہیں، جبکہ آئندہ چند گھنٹوں میں بعض علاقوں کے لیے ریڈ الرٹ بھی جاری کیا جاسکتا ہے۔ اس وقت جنوبی ویلینسیا، شمالی ایلیکینتے، جزائر پیتیوساس اور بارسلونا کے ساحلی علاقوں میں نارنجی الرٹ نافذ ہے۔
ماہرین موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ اتوار 18 اور پیر 19 اکتوبر کو موسم زیادہ خراب رہنے کا امکان ہے۔ بعض متاثرہ علاقوں میں چند گھنٹوں کے دوران فی مربع میٹر 150 سے 250 لیٹر تک بارش ہوسکتی ہے، جبکہ کچھ مقامات پر اس سے بھی زیادہ بارش کا امکان ہے۔ اتوار کی سہ پہر تیز ہوائیں چلنے اور سمندر میں شدید طغیانی کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس صورتِ حال کی ایک بڑی وجہ بحیرۂ روم کا غیر معمولی طور پر گرم ہونا ہے۔ بعض علاقوں میں سمندر کا درجہ حرارت معمول سے دو سے تین ڈگری زیادہ ہے، جس سے فضا میں توانائی اور نمی بڑھ رہی ہے۔
ایمیٹ کے ترجمان نے واضح کیا کہ موجودہ صورتِ حال اکتوبر 2024 کے تباہ کن دانا طوفان جیسی نہیں، تاہم اس میں شدید نقصان پہنچانے کی صلاحیت موجود ہے۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی الرٹس پر نظر رکھیں، سیلابی علاقوں سے دور رہیں اور سول پروٹیکشن اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔
