فرانس میں 15 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر مکمل پابندی کی تجویز

پیرس: فرانس میں 15 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر مکمل پابندی کی تجویز سامنے آ گئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق فرانسیسی پارلیمانی کمیشن نے چھ ماہ تک ٹک ٹاک اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے بچوں اور نوجوانوں پر نفسیاتی اثرات کا جائزہ لینے کے بعد اپنی رپورٹ جاری کی ہے۔
رپورٹ میں 15 سال سے کم عمر بچوں کو سوشل میڈیا استعمال کرنے سے روکنے اور 15 سے 18 سال تک کے نوجوانوں کے لیے رات 10 بجے سے صبح 8 بجے تک ڈیجیٹل کرفیو نافذ کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
کمیشن نے تجویز دی ہے کہ عوامی سطح پر سوشل میڈیا کے نقصانات سے آگاہی مہم چلائی جائے، اکاؤنٹ بنانے کے وقت عمر کی تصدیق کا نظام لازمی قرار دیا جائے اور والدین کی نگرانی کو مضبوط بنایا جائے۔
یہ اقدامات اس وقت سامنے آئے ہیں جب 2024 میں فرانس کے سات خاندانوں نے ٹک ٹاک پر مقدمہ دائر کیا تھا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ان کے بچوں کو ایسا مواد دکھایا گیا جس نے انہیں خودکشی پر مجبور کیا۔
ٹک ٹاک نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ انہوں نے گزشتہ سال فرانس میں مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے 98 فیصد غیر مناسب مواد کو ہٹا دیا تھا۔