ایم کیو ایم کارکن کی ہلاکت، پی پی پی امیدوار کی ایف آئی آر ختم کرنے کی درخواست

کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 2 میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے کارکن کی ہلاکت کے کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے این اے 249 سے امیدوار عبدالوحید نے ایف آئی آر ختم کرنے کی درخواست دائر کردی۔

قومی اسمبلی کے حلقے این اے 249 سے پیپلز پارٹی کے امیدوار عبدالوحید نے سندھ ہائیکورٹ میں ایف آئی آرختم کرنے کی درخواست کی، عدالت نے پراسیکیوٹر، آئی جی، مدعی مقدمہ و دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔

سندھ ہائیکورٹ نے فریقین سے 16 فروری تک جواب طلب کر لیا۔

پی پی پی امیدوار عبدالوحید کے وکیل نے کہا کہ درخواست گزاروں کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے، درخواست گزاروں پر ایم کیو ایم کے کیمپ اور کارکن کے قتل کا الزام بے بنیاد ہے۔

درخواست گزار کا کہنا ہے کہ  ہمارے خلاف مقدمے کا اندراج ہمیں الیکشن مہم سے روکنا ہے، گلبہار تھانے میں درج مقدمہ کالعدم قرار دیا جائے۔

واضح رہے کہ 29 جنوری کی رات کراچی کے علاقے ناظم آباد نمبر 2 میں پاکستان پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان میں تصادم ہوا تھا جس کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایم کیو ایم کا کارکن جاں بحق، جبکہ پیپلز پارٹی کا کارکن زخمی ہو گیا تھا۔

پولیس کے مطابق جاں بحق شخص فراز ایم کیو ایم کا کارکن تھا، جبکہ زخمی راؤ طلحہٰ پیپلز پارٹی کا کارکن ہے۔

جھگڑا دونوں جماعتوں کی ریلیاں آمنے سامنے آنے پر ہوا تھا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے