بارسلونا: اسپین میں تقریباً نصف آبادی کو مالی طور پر صرف اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے جدوجہد کرنا پڑ رہی ہے۔ بارسلونا کے اربن ریسرچ انسٹی ٹیوٹ (IDRA) کی ایک نئی تحقیق کے مطابق، ملک کی 46.3 فیصد آبادی کے پاس بنیادی ضروریات پوری کرنے کے علاوہ دیگر اہم اخراجات کے لیے خاطر خواہ رقم موجود نہیں۔
رپورٹ کے مطابق، 10.2 فیصد افراد بڑی مشکل سے اپنی بنیادی ضروریات پوری کر پاتے ہیں، جبکہ 36.1 فیصد افراد ضروری اخراجات تو برداشت کر لیتے ہیں، لیکن دیگر اہم چیزوں پر رقم خرچ کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
دوسری جانب، 34.9 فیصد افراد اپنی تمام ضروریات پوری کرنے کے باوجود بہت کم بچت کر پاتے ہیں، جبکہ 12.5 فیصد آبادی نسبتاً آسودہ زندگی گزار رہی ہے اور بچت کرنے کے قابل بھی ہے۔ تاہم، 3.1 فیصد افراد ایسے ہیں جو اپنی بنیادی ضروریات بھی پوری نہیں کر سکتے۔
تحقیق کے مطابق، کرائے کے مکانوں میں رہنے والے افراد کو مالکانہ رہائش رکھنے والوں کے مقابلے میں زیادہ معاشی مشکلات کا سامنا ہے۔ تقریباً 65.3 فیصد کرایہ دار زیادہ سے زیادہ اپنی بنیادی ضروریات ہی پوری کر سکتے ہیں، جبکہ اپنے گھر میں رہنے والوں میں یہ شرح 44 فیصد ہے۔
مزید یہ کہ 21.6 فیصد کرایہ دار اپنی ضروریات پوری کرنے میں ناکام رہتے ہیں یا بڑی مشکل سے گزارا کرتے ہیں۔ گھر کے مالکان میں یہ شرح صرف 8 فیصد ہے۔
یہ نتائج گزشتہ جولائی میں 1,850 افراد سے کیے گئے سروے پر مبنی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، 78.3 فیصد افراد کو بچت نہ کر پانے، 74.5 فیصد کو ریٹائرمنٹ کے لیے ناکافی رقم اور 72.2 فیصد کو روزمرہ اخراجات پورے کرنے میں مشکلات کا خدشہ ہے۔ مزید برآں، 65.5 فیصد افراد کو مناسب رہائش میسر نہ ہونے کی فکر لاحق ہے۔
اخراجات کم کرنے کے لیے 35.2 فیصد گھرانے ہیٹنگ اور کولنگ پر، 20 فیصد صحت بخش خوراک پر اور 16.2 فیصد مجموعی غذائی اخراجات پر کٹوتی کر رہے ہیں۔ تفریحی سرگرمیوں میں 68 فیصد افراد چھٹیوں، 46.4 فیصد گھر کی بہتری، 43.2 فیصد الیکٹرانک آلات اور 34.4 فیصد ثقافت، کھیل اور تفریح پر اخراجات کم کر رہے ہیں۔
