بارسلونا/ شہر میں ہفتے کے روز بلوکس (Blocus) تحریک کی جانب سے احتجاج کی کال کے بعد پولیس نے ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ گزشتہ ہفتے ہونے والے شدید ہنگاموں اور دکانوں میں لوٹ مار کے واقعات کے پیش نظر موسوس دی اسکوادرا (کاتالونیا پولیس) نے سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے ہیں۔
پولیس نے اس موقع پر لیول 4 کا سیکیورٹی پلان نافذ کیا ہے، جو عوامی مقامات پر احتجاجی سرگرمیوں کے دوران پولیس کی جانب سے اختیار کیا جانے والا اعلیٰ ترین حفاظتی انتظام ہے۔ بارسلونا کے مرکزی علاقوں، خصوصاً ان مقامات پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے جہاں احتجاج کی اپیلیں کی گئی ہیں۔
پولیس اور بارسلونا کی شہری فورس گواردیا اربانا کے مشترکہ آپریشن میں 300 سے زائد اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ میں بھی چیکنگ اور شہریوں کی شناخت کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
پاسیج دے گراسیا، پورتل دے ل’انخیل اور پلاسا دے کاتالونیا کے اطراف میں متعدد دکانوں نے ممکنہ ہنگاموں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی اقدامات کیے ہیں۔ کئی بڑے فیشن اور لگژری برانڈز کی دکانوں نے اپنے شیشوں اور شوکیسز کو لکڑی کے تختوں اور لوہے کی سلاخوں سے محفوظ کر لیا ہے۔ تجارتی تنظیموں نے دکانداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ پرسکون رہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد کریں۔
دوسری جانب پولیس نے بلوکس گروپ کو ختم کرنے کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔ کاتالونیا میں اب تک تین نوجوان گرفتار کیے جا چکے ہیں، جن میں دو نابالغ ہیں، جبکہ پورے اسپین میں گرفتار افراد کی تعداد 10 ہو گئی ہے۔
ہفتے کے روز ویلنسیا کی ایک عدالت نے اسپین میں بلوکس تحریک کے مبینہ بانی اور اہم منتظم کو ضمانت کے بغیر عبوری طور پر جیل بھیجنے کا حکم دیا ہے۔ اس پر مجرمانہ تنظیم بنانے، عوامی بدامنی پر اکسانے، دکانوں میں چوری اور املاک کو نقصان پہنچانے جیسے الزامات کی تحقیقات جاری ہیں۔
عدالت نے ملزم پر کمپیوٹر اور سوشل میڈیا سے منسلک کسی بھی ڈیوائس تک رسائی پر بھی پابندی عائد کر دی ہے۔
پولیس نے پاسیو دے گراسیا، سانتس اور کاتالونیا اسٹیشنوں پر اضافی حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔ ثانوی داخلی راستے بند کر کے صرف ایک مرکزی راستہ کھلا رکھا گیا ہے تاکہ مسافروں کی شناخت اور چیکنگ کی جا سکے۔
پولیس نے مشتبہ احتجاجی سرگرمیوں میں استعمال ہو سکنے والی اشیا بھی ضبط کرنے کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اسٹیشنوں کے اندر اور باہر پولیس اہلکار تعینات ہیں۔
