بارسلونا: بارسلونا کے میئر جاؤمے کولبونی نے اعلان کیا ہے کہ یورپی شہروں کے میئرز کا اتحاد ’’Mayors for Housing‘‘ یورپی یونین کے آئندہ طویل مدتی بجٹ میں رہائشی بحران سے نمٹنے کے لیے خصوصی مالی وسائل شامل کرانے کی بھرپور جدوجہد کرے گا۔
میئر جاؤمے کولبونی، جو اس اتحاد کی قیادت بھی کر رہے ہیں، کا کہنا ہے کہ یورپ کے بڑے شہروں، خصوصاً بارسلونا کو گھروں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں اور عام شہریوں کی رہائش تک محدود ہوتی رسائی جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے یورپی یونین کی مالی معاونت درکار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رہائشی بحران ترقی یافتہ ممالک میں عدم مساوات کا سب سے بڑا سبب بن چکا ہے اور جمہوریت کے لیے بھی ایک سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یورپی شہروں کو اس مسئلے کے حل کے لیے مشترکہ طور پر آواز بلند کرنا ہوگی۔
کولبونی نے ان خیالات کا اظہار بارسلونا میں منعقد ہونے والی HOWS نمائش کے دوران ایک مذاکرے میں کیا، جو 3 سے 5 نومبر تک اسمارٹ سٹی ایکسپو کے تحت جاری ہے۔ اس اجلاس میں میلان، ڈبلن، سینٹیاگو ڈی چلی اور ٹورنٹو سمیت مختلف شہروں کے میئرز، گورنرز اور بلدیاتی نمائندوں نے شرکت کی۔
دوسری جانب بارسلونا سٹی کونسل کے کمشنر برائے ہاؤسنگ، خوان رامون ریرا نے کہا ہے کہ کرایوں کی قیمتوں پر حکومتی پابندیوں سے شہر میں کرایوں میں مسلسل اضافے کا رجحان روکنے میں مدد ملی ہے۔ ان کے مطابق اگر قیمتوں میں استحکام برقرار رہے اور خاندانوں کی آمدنی میں بہتری آئے تو یہ ایک مثبت پیش رفت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ رہائشی بحران حل ہونے تک کرایوں کے بازار کو منظم کرنا ضروری ہے۔
ریرا نے مزید بتایا کہ بارسلونا میں آئندہ 15 سے 20 سال تک نئے مکانات تعمیر کرنے کے لیے زمین دستیاب ہے اور شہر میں رہائش کے نئے منصوبوں کے ذریعے نوجوان نسل کو اپنے ہی شہر میں رہنے کا موقع فراہم کیا جا سکتا ہے۔ تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ بعض یورپی شہروں کے مقابلے میں بارسلونا کا سرکاری رہائشی منصوبوں کا ذخیرہ کافی کم ہے۔
