ابھی حتمی فیصلہ نہیں ہوا، سیاسی جماعتوں سے رابطہ کیلئے کمیٹی بنائیں گے، شیری رحمان
پیپلز پارٹی کی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں چاروں صوبوں کے مسائل پر بات چیت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا حتمی فیصلہ نہیں ہوا، سیاسی جماعتوں سے رابطہ کے لیے کمیٹی بنائیں گے۔
اسلام آباد میں اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ اجلاس میں الیکشن پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ بلاول بھٹو اور آصفہ بھٹو کو مبارکباد دی گئی کہ انہوں نے الیکشن مہم میں جان ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ شازیہ مری مشکل حلقہ جیت کر آئی ہیں۔ ہم ساری سیاسی جماعتوں سے رابطہ کریں گے اور اس لیے کمیٹی بنائیں گے۔ سی ای سی کا اجلاس کل دوبارہ ہوگا۔
شیری رحمان نے کہا کہ سیاسی رابطے ہمارے جاری رہیں گے، ابھی حتمی فیصلے نہیں ہوئے۔ رابطہ کمیٹی ابھی بن رہی ہے۔ شیری رحمان نے کہا کل بھی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس جاری رہے گا۔
اس موقع پر شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جس نے الیکشن لڑا ہے۔ آج مختلف صوبوں سے ارکان شریک ہوئے اور اپنے تحفظات بتائے۔ ہم ساری سیاسی جماعتوں سے رابطہ کریں گے اور اس کے لیے کمیٹی بنائیں گے۔ شازیہ مری نے کہا سی ای سی میں الیکشن میں ہونیوالی بےضابطگیوں کا ذکر ہوا، ان پر تحفظات کا اظہار کیا گیا، انہوں نے کہا کہ جو کچھ الیکشن میں ہوا ہے، ہم اس کا جائزہ لیں گے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ الیکشن سے متعلق چاروں صوبوں میں تحفظات ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ اجلاس میں بہت سے تجاویز آئیں، حتمی فیصلہ کل کریں گے۔