بانی پی ٹی آئی نے کہا ہم کوئی سیاسی انتقام نہیں لیں گے، علی محمد خان

فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ہے ہم کوئی سیاسی انتقام نہیں لیں گے، پی ٹی آئی اقتدار میں آکر فتح مکہ ماڈل پر جائے گی۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ ان کی آج اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی۔

علی محمد خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا ملک و قوم کو آگے لے کر جائیں گے، ملک کو آگے لے جانے کیلئے سچ، معافی اور درگزر کی طرف جانا ہوگا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے نیلسن منڈیلا کے ’ٹرتھ اینڈ ری کنسلیشن‘ کا بھی حوالہ دیا، بانی پی ٹی آئی نے کہا پی ٹی آئی اقتدار میں آکر ملک کو انتقام نہیں سیاسی استحکام و ترقی کی طرف لے کر جائے گی۔

علی محمد خان نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی ن لیگ یا پیپلزپارٹی سے حکومتی اتحاد کےحق میں نہیں، اقتدار کی خاطر نظریے کی قربانی نہیں دے سکتے، ہماری سیٹیں 160 سے زائد ہیں، مینڈیٹ ملتا ہے تو حکومت بنا سکتے ہیں، موجودہ صورتحال میں اپوزیشن میں ہی بیٹھ سکتے ہیں، عارضی طور پر اپوزیشن میں بیٹھیں تو کوئی حرج نہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے