انتخابات میں کمشنر کا کوآرڈینیشن کے علاوہ کوئی تعلق نہیں تھا، کمشنر پنڈی
نو تعینات کمشنر راولپنڈی سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات میں کمشنر کا کوآرڈینیشن کے علاوہ کوئی تعلق نہیں تھا، سابق کمشنر کی جانب سے دھاندلی کے الزامات کی تردید کرتا ہوں۔
سیف انور جپہ نے راولپنڈی میں راولپنڈی، جہلم، اٹک اور چکوال کے ڈی آر اوز کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آج ہی کمشنر راولپنڈی کا چارج لیا ہے۔
اس موقع پر ڈی آر اوز راولپنڈی نے کہا کہ حالیہ انتخابات نہایت شفاف اور درست انداز میں ہوئے، ہم پر کوئی دباؤ نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ سابق کمشنر کے الزامات کی تردید کرتے ہوئے الزامات کی انکوائری کا مطالبہ کرتے ہیں۔
قبل ازیں سیف انور جپہ کی زیر صدارت ڈی آر اوز کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں اٹک، جہلم، چکوال، راولپنڈی اور مری کے ڈی آر اوز نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں سابق کمشنر لیاقت چٹھہ کے الزامات کے بعد کی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔