کاتالونیا اور فلسطین کے درمیان بارسلونا میں ہونے والا دوستانہ فٹبال میچ غیر یقینی صورتحال کا شکار
Screenshot
بارسلونا (دوست مانیٹرنگ ڈیسک)کاتالونیا اور فلسطین کے درمیان 18 نومبر کو بارسلونا میں ہونے والا دوستانہ فٹبال میچ اب غیر یقینی صورتحال کا شکار ہو گیا ہے۔ منتظمین نے اتوار کو خبردار کیا کہ شہر کی بلدیہ کی سستی اور عدم تعاون سے یہ تاریخی میچ خطرے میں پڑ سکتا ہے۔
مہم “ACT x PALESTINE” سے وابستہ سرگرم کارکنوں نے الزام لگایا ہے کہ بارسلونا سٹی کونسل نے ٹکٹوں کی فروخت تاخیر کا شکار کر رکھی ہے اور میچ کی تشہیر میں بھی کوئی دلچسپی نہیں دکھائی۔ ان کے مطابق بلدیہ یہ میچ اولمپک اسٹیڈیم سے ہٹا کر شہر سے باہر کسی چھوٹے میدان میں منتقل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
تنظیم نے اپنے بیان میں کہا کہ “یہ رویہ ظاہر کرتا ہے کہ انتظامیہ دانستہ طور پر اس تاریخی میچ کو ناکام بنانا چاہتی ہے۔”
کارکنوں کے مطابق، فلسطینی ٹیم تین دن پہلے باسک علاقے کے شہر بلباؤ میں بھی ایک میچ کھیلے گی، جہاں تمام اداروں، کلبوں اور مقامی حکومتوں نے تعاون کیا ہے، اور سان مامیس اسٹیڈیم کے 35 ہزار ٹکٹ صرف ایک دن میں فروخت ہو گئے۔
ان کا کہنا ہے کہ “بدقسمتی سے بارسلونا میں میچ کو وہ توجہ اور اہمیت نہیں دی گئی جس کا وہ حقدار ہے۔”اس صورتحال کے جواب میں ACT x PALESTINE نے اپنی ویب سائٹ پر پری سیل (پیشگی ٹکٹ فروخت) کا آغاز کر دیا ہے تاکہ بلدیہ پر دباؤ ڈالا جا سکے۔
منتظمین کا کہنا ہے، “ہم نہ صرف اولمپک اسٹیڈیم کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں بلکہ یہ بھی ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ بارسلونا کا شہر اسے مکمل طور پر بھرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔”