اسپوٹیفائی کیمپ نو میں اوپن ڈور ٹریننگ سیشن،23 ہزار شائقین کو شرکت کی اجازت
Screenshot
بارسلونا(دوست مانیٹرنگ ڈیسک)ایف سی بارسلونا 7 نومبر بروز جمعہ اسپوٹیفائی کیمپ نو میں ایک اوپن ڈور ٹریننگ سیشن منعقد کرے گا، جو اسٹیڈیم کی نئی تعمیر شدہ سہولیات کو جانچنے کے لیے رکھا گیا ہے۔
کلب کے مطابق، یہ سیشن اسٹیڈیم کی مرحلہ وار دوبارہ افتتاحی کارروائی کا حصہ ہے، جس میں تقریباً 23 ہزار شائقین کو شرکت کی اجازت دی جائے گی۔ شائقین کو گرینڈ اسٹینڈ اور ساؤتھ گول ایریا میں بیٹھنے کی اجازت ہوگی، جو اسٹیڈیم کی “فیز 1A” میں شامل ہیں۔
ہیڈ کوچ ہانسی فلِک اور ان کی ٹیم صبح 11 بجے پریکٹس شروع کریں گے، جبکہ دروازے 9:30 بجے کھول دیے جائیں گے۔ اس موقع پر اسٹیڈیم کے مختلف تکنیکی اور آپریشنل نظاموں کو پرکھا جائے گا۔
ٹکٹوں کی فروخت جمعہ کو صبح 11 بجے شروع ہوگی، جس میں پہلے بارسا ممبران کو 48 گھنٹے کے لیے ترجیح دی جائے گی۔ بعد ازاں عام شائقین کے لیے ٹکٹیں دستیاب ہوں گی، جن کی قیمت ارکان کے لیے 5 یورو اور دیگر کے لیے 10 یورو رکھی گئی ہے۔
اس سیشن سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی بارسا فاؤنڈیشن کے “پولسیرس بلاؤگرانز” (Polseres Blaugranes) منصوبے کو دی جائے گی، جو ہسپتال میں داخل بچوں اور نوجوانوں کی ذہنی و جذباتی صحت بہتر بنانے کے لیے کام کرتا ہے۔
کلب کو اکتوبر کے وسط میں تقریباً 27 ہزار تماشائیوں کی گنجائش کے لیے عارضی اجازت ملی تھی، لیکن باضابطہ میچ کی میزبانی کے لیے 45 ہزار شائقین کی اجازت درکار ہے۔ اس وقت تک ٹیم کے کیمپ نو میں واپسی کی حتمی تاریخ طے نہیں کی گئی۔