ن لیگ اور پی پی کے اکابرین ضابطے کی پاسداری کریں، اسحاق ڈار
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اکابرین مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اپنی کمیٹیوں کے وضع کردہ ضابطے کی پاسداری کریں۔
اپنے بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ طے ہوا تھا کہ کوآرڈینیشن کمیٹیوں کے رکن یا رہنما زیر غور نکات پر بیان نہیں دے گا، فریقین کے درمیان ابھی تک حتمی نکات طے نہیں پائے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ مختلف تجاویز پر گزشتہ روز تک مشاورت جاری رہی، مشاورت کے چار دور مکمل ہو چکے ہیں، کل پانچویں نشست طے ہو چکی ہے، کل کے اجلاس میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے مزید کہا کہ مشاورت مکمل ہونے پر دونوں جماعتوں کا باضابطہ مشترکہ اعلامیہ جاری ہوگا، طے شدہ طریقہ کار کے مطابق مشاورت مکمل ہونے سے پہلے کوئی بات کرنا مناسب نہیں۔
اسحاق ڈار نے یہ بھی کہا کہ کچھ دن پہلے چوہدری شجاعت کے گھر کافی سیاسی جماعتیں موجود تھیں، تمام جماعتوں نے ایک ہی بات کی ملک کو بھنور سے نکالنے کے لیے ملکر چلنا چاہیے ۔