بعض پاکستانی سفارت خانے پی ٹی آئی کی سرگرمیوں کا مرکز بن گئے، حکومت فوری نوٹس لے: ساجد تارڑ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سابق مشیر ساجد تارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ بیرونِ ملک پاکستان کے بعض سفارت خانوں کے اہلکار تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حمایت میں سرگرم ہیں، جس پر حکومتِ پاکستان کو فوری نوٹس لینا چاہیے۔
اپنے بیان میں ساجد تارڑ نے کہا کہ اگر کوئی سرکاری اہلکار یا سفارتی عملہ حکومتِ پاکستان سے تنخواہ لینے کے باوجود کسی سیاسی جماعت، خصوصاً پی ٹی آئی، کے حق میں کام کر رہا ہے تو اسے فوری طور پر استعفیٰ دے دینا چاہیے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ بصورتِ دیگر ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ ان کے مطابق پاکستان کی متعدد سفارتی تنصیبات مبینہ طور پر پی ٹی آئی کی سرگرمیوں کا مرکز بنی ہوئی ہیں، جو تشویشناک صورتحال ہے
ساجد تارڑ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان الزامات کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور اگر کسی سفارت خانے یا اہلکار کے سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے شواہد ملتے ہیں تو ان کے خلاف سخت انتظامی اور قانونی کارروائی کی جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سفارتی اداروں کا بنیادی کام ریاستی مفادات کا تحفظ اور دنیا بھر میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ہے، نہ کہ کسی سیاسی جماعت کے مفادات کو فروغ دینا۔ ان کے مطابق اگر سفارتی مشنز سیاسی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے تو یہ قومی مفاد اور سفارتی اصولوں کے منافی ہوگا۔
