ویلینسیا میں موٹر سائیکلنگ گرینڈ پری کے ٹکٹوں میں فراڈ ،پولیس نے تاجر دھر لیا

Screenshot

Screenshot

ویلینسیا میں موٹر سائیکلنگ گرینڈ پری کے ٹکٹوں میں فراڈ کرنے والے ایک تاجر کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ ملزم پر الزام ہے کہ اس نے منسوخ شدہ ٹکٹ مہنگے داموں فروخت کر کے شہریوں کو دھوکے میں رکھا۔ تفصیلات کے ساتھ ہمارے نمائندے سے جانتے ہیں۔

یہ گرفتاری ویلینسیا کے علاقے تورینتے میں عمل میں آئی ہے۔ پولیس کے مطابق 49 سالہ تاجر ایک تجارتی کمپنی کا مالک ہے جو موٹر سائیکلنگ گرینڈ پری کے لیے ٹکٹ فروخت کرتا تھا۔ ملزم سرکاری سرکٹ کمپنی سے بڑی تعداد میں ٹکٹ خریدتا، بعد میں وہی ٹکٹ واپس کر دیتا، لیکن اسی دوران ان ٹکٹوں کو غیر قانونی طور پر دوبارہ فروخت بھی کر دیتا تھا۔

یہ ٹکٹ پہلے ہی منسوخ ہو چکے ہوتے تھے، جس کی وجہ سے خریداروں کو ایونٹ کے روز سرکٹ میں داخلے کی اجازت نہیں ملتی تھی۔ متاثرین نہ صرف مقابلہ دیکھنے سے محروم رہے بلکہ انہوں نے اصل قیمت سے زیادہ رقم بھی ادا کی۔

اب تک پورے اسپین سے کم از کم 11 افراد نے ملزم کے خلاف شکایات درج کرائی ہیں۔ تحقیقات کا آغاز اس وقت ہوا جب ایک متاثرہ شخص نے چار ٹکٹ 513 یورو میں خریدنے کے بعد پولیس سے رجوع کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی ویب سائٹ بظاہر سرکاری ٹکٹ فروخت کرنے والی سائٹ جیسی دکھائی دیتی تھی، جس سے صارفین آسانی سے دھوکے میں آ جاتے تھے۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی اسی نوعیت کے فراڈ میں گرفتار ہو چکا ہے۔

پولیس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس کیس میں متاثرین کی تعداد مزید بڑھ سکتی ہے، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر وہ بھی اس طرح کے فراڈ کا شکار ہوئے ہیں تو فوری طور پر پولیس سے رابطہ کریں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے