اٹلی میں غیرت کے نام پر  بیٹی کو سمن عباس جیسا انجام دینے کی دھمکی، باپ گرفتار

IMG_6858

اٹلی کے شہر نوویلارا میں ایک افسوسناک واقعے میں پاکستانی نژاد باپ کو اپنی بیٹی پر طویل عرصے تک تشدد، آزادی سلب کرنے اور جبری شادی پر مجبور کرنے کے جرم میں گرفتار کر کے جیل بھیج دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے بیٹی کو دھمکی دی تھی کہ اگر اس نے اس کے فیصلوں کی مخالفت کی تو اس کا انجام بھی سمن عباس جیسا ہوگا۔

اطالوی حکام کے مطابق ملزم نے 2008 سے ستمبر 2023 تک بیٹی کے ساتھ بدسلوکی کی۔ متاثرہ لڑکی، جس کی عمر بیس سال سے کچھ زائد ہے، اپنے والد، سوتیلی ماں اور سوتیلے بہن بھائیوں کے ساتھ رہتی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کو نہ گھر سے باہر نکلنے کی اجازت تھی، نہ تعلیم جاری رکھنے دی گئی اور نہ ہی ملازمت یا بیرونی دنیا سے رابطے کی آزادی حاصل تھی۔

تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ لڑکی کی حقیقی والدہ کو پاکستان میں قتل کیا گیا تھا، تاہم سرکاری ریکارڈ میں موت کی وجہ طبعی درج کی گئی۔ متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ 2021 میں والد نے اسے زبردستی اپنے ایک کزن سے نکاح پر مجبور کیا، جسے وہ کبھی زندگی میں نہیں ملی تھی، اور پاکستان جا کر شادی کی تقریب منعقد کرنے کا منصوبہ تھا۔

اطالوی پولیس کے مطابق جب لڑکی نے شادی سے انکار کیا تو والد نے اسے جان سے مارنے کی دھمکی دی اور کہا کہ اس کے ساتھ بھی وہی ہوگا جو سمان عباس کے ساتھ ہوا تھا۔ خوف کے باعث لڑکی نے سوشل سروسز سے مدد لی اور بعد ازاں اسے ایک محفوظ کمیونٹی میں منتقل کر دیا گیا۔

معاملے کی سنگینی کے پیشِ نظر دسمبر 2023 میں عدالت نے والد اور سوتیلی ماں کے خلاف متاثرہ لڑکی کے قریب آنے اور کسی بھی قسم کے رابطے پر پابندی عائد کر دی تھی، جبکہ دونوں پر الیکٹرانک بریسلٹ بھی لگایا گیا۔

عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ریجّو ایمیلیا کی عدالت نے ملزم کو خاندانی تشدد کے جرم میں ایک سال گیارہ ماہ اور دس دن قید کی سزا سنائی۔ بعد ازاں اطالوی سپریم کورٹ نے ملزم کی اپیل مسترد کر دی، جس کے بعد عدالت کے حکم پر پولیس نے گزشتہ روز اسے گرفتار کر کے جیل منتقل کر دیا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے