جماعت اسلامی، جی ڈی اے کا انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف کراچی پریس کلب پر احتجاج
جماعت اسلامی اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔
احتجاج میں جی ڈی اے، جماعت اسلامی اور جے یو آئی کے کارکنان اور رہنماؤں نے شرکت کی۔
اس موقع پر جی ڈی اے کے جنرل سیکریٹری صفدر عباسی کا کہنا تھا کہ 10 رکنی کمیٹی بنائی گئی ہے جو آئندہ کے لائحہ عمل کا تعین کرے گی، موجودہ حکومت کو چلنے نہیں دیں گے۔
انہوں نےمزید کہا کہ اس چوری کے الیکشن سے حکومت نہیں چل سکے گی، ہم اسے چلنے نہیں دیں گے۔ ہم 30 لاکھ گھر اور 300 یونٹ مفت بجلی کا انتظار کر رہے ہیں۔
اس موقع پر جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر اسامہ رضی نے کہا کہ ملک طاقتوروں کی مرضی سے نہیں، ملک آئین کے مطابق چلے گا۔ 8 فروری کو لوگوں نے پُرامن انقلاب برپا کیا۔
دھاندلی کے خلاف جماعت اسلامی اور جی ڈی اے کے احتجاج کے دوران کراچی پریس کلب پر بھاری پولیس نفری اور واٹر کینن تعینات رہے۔
احتجاج کے باعث ایوان صدر روڈ، کھجور چوک، فوارہ چوک کے دونوں اطراف کی سڑکیں بند رہیں اور ٹریفک کو شاہین چوک سے پی آئی ڈی سی بھیجا جاتا رہا۔
دوسری طرف گورنر ہاؤس جانے والی سڑک سیکیورٹی وجوہات کی باعث بند ہے۔ جہاں آج وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے حلف اٹھایا۔
8 فروری 2024ء کے انتخابات کے نتائج کو سندھ میں جی ڈی اے، جماعت اسلامی اور جے یو آئی (ف) نے مسترد کیا اور احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے کا اعلان کیا تھا۔