ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ قید کی سزا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے شہریار آفریدی کی گرفتاری کے لیے ایم پی او آرڈر جاری کرنے پر توہینِ عدالت کیس میں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو 6 ماہ قید کی سزا سنا دی۔

عدالتِ عالیہ نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو توہینِ عدالت کا مرتکب قرار دیتے ہوئے سزا سنائی ہے۔

شہر یار آفریدی کی گرفتاری کے لیے ایم پی او آرڈر جاری کرنے پر ڈی سی اسلام آباد کے خلاف توہین عدالت کیس قائم ہوا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی فیصلے کی کاپی وزیرِ اعظم پاکستان کو بھجوانے کی ہدایت بھی کر دی۔

عدالتِ عالیہ نے اپیل کے لیے وقت دیتے ہوئے ایک ماہ تک سزا معطل بھی کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ ڈی سی اسلام آباد 1 ماہ کے دوران فیصلے کے خلاف اپیل فائل کریں، 1 ماہ تک اگر عدالت سے فیصلہ معطل نہ ہوا تو انہیں جیل بھجوایا جائے۔

عدالتِ عالیہ کی جانب سے ڈی سی اسلام آباد کو 6 ماہ قید کے ساتھ 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا کا بھی حکم سنایا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسی معاملے پر ایس ایس پی آپریشنز جمیل ظفر کو 4 ماہ قید اور 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا جبکہ ایس ایچ او تھانہ کوہسار کو 2 ماہ قید اور 1 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے