کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کارکردگی سے بہت خوش ہوں، شین واٹسن

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ اور سابق آسٹریلوی کرکٹرز شین واٹسن نے کہا ہے کہ بطور کوچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کارکردگی سے بہت خوش ہوں، کوشش ہے کہ پلیئرز کو ایسا ماحول دوں جس میں وہ بہتر محسوس کریں۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شین واٹسن نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں پلیئرز نے اپنا بہترین کھیل پیش کیا ہے، کراچی کے خلاف ردرفورڈ نے شاندار اننگز کھیلی تھی۔ 

ان کا کہنا تھا کہ کھلاڑی کے مقابلے میں کوچنگ کم تناؤ والا کام ہے، میں کوچنگ اسائنمنٹ انجوائے کررہا، کوئٹہ کا کوچ ہونا اعزاز ہے۔

شین واٹسن نے کہا کہ سعود شکیل کافی باصلاحیت پلیئر ہے، سعود شکیل ہر طرح کی بولنگ کو اطمینان سے کھیل سکتا ہے، یقین ہے کہ وہ بطور اوپنر مزید بہترین اننگز کھیلے گا۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ جیسن روئے کے ساتھ اس کی اوپننگ جوڑی ایک مفید کامبی نیشن ہے، خواجہ نافع کا گیند کو ہٹ کرنے کا انداز دیگر پلیئرز سے مختلف ہے، خواجہ نافع کے شاٹس کی قوت اور بیٹ کی اسپیڈ قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ پلیئرز کو یہی پیغام ہوتا ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر پورا بھروسہ کریں، کرکٹ فیلڈ پر کامیابی کیلئے ضروری ہے کہ ناکامی کا خوف ختم کیا جائے، ایک پلیئر اس وقت ہی کامیاب ہوتا جب وہ بلا خوف کھیلتا ہے۔

شین واٹسن نے مزید کہا کہ پی ایس ایل نے 9 سالوں میں کافی ترقی کی ہے، پاکستان میں بولنگ کا ٹیلنٹ ہمیشہ ہی رہا ہے، آج کل پاکستان سے کافی زبردست پاور ہٹر سامنے آ رہے ہیں۔

سابق آسٹریلوی کرکٹرکا کہنا تھا کہ غیر ملکی پلیئرز بھی پی ایس ایل کو کافی انجوائے کرتے ہیں، جس طرح کوئٹہ کھیل رہی، کوئی وجہ نہیں کہ ہم فائنل میں نہ ہوں۔

شین واٹسن نے مزید کہا کہ فائنل تک رسائی اور جیت کے لیے ہمیں بہترین کھیل کا سلسلہ جاری رکھنا ہوگا، سرفراز کپتان ہو یا نہ ہو وہ نیچرل لیڈر ہے، کپتان نہ ہونے کے باوجود بھی سرفراز ٹیم میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے