بالی ووڈ کے سینئر اداکار نصیر الدین شاہ نے بھی نئی دہلی کے جنتر منتر پر کاکروچ جنتا پارٹی کے زیرِ اہتمام ہونے والے طلبہ احتجاج کی حمایت کر دی اور ملک کے رہنماؤں کو ’جاہل اور بے رحم‘ قرار دے دیا۔
نصیر الدین شاہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ طلبہ احتجاج کی حمایت اور احتجاج کرنے والے طلبہ پر تشدد کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے نظر آ رہے ہیں۔
اُنہوں نے ویڈیو میں کہا کہ میں دو باتیں کہنا چاہوں گا، پہلی بات تو یہ کہ اگر ایک جاہل ملک کی رہنمائی کرے تو اس کا دل یہی چاہے گا کہ پورا ملک اسی کی طرح جاہل، ناسمجھ، ناقابل اور بے رحم بنے۔
اداکار نے بطور ٹیچر زندگی میں ہونے والے تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت میرا دل بھرا ہوا ہے اور میں غصے سے کھول بھی رہا ہوں یہ دیکھ کر کہ ہمارے بچوں کے ساتھ کس طرح ظلم کیا جا رہا ہے، ان غنڈوں کے ہاتھ سے جو مجھے امریکا کے آئی سی ای ایجنٹس کی یاد دلاتے ہیں، منہ پر نقاب لگائے اور ہاتھ میں ڈنڈا لیے ہوئے، کبھی اپنے بچو ں کے بارے میں بھی سوچا کرو اور یہ بھی سوچو کہ تمہارا انجام تمہیں بھی ایک دن ضرور ملے گا۔
انہوں نے طالب علموں کو پیغام دیا کہ ہمت نہ ہاریں، بہت سے لوگوں کی ہمدردی آپ کے ساتھ ہے، لڑتے رہیں، مجھے اپنے ملک کی نوجوان نسل سے ہمیشہ امید رہی ہے اور اب وہ امید مزید اجاگر ہو گئی ہے، ہم سب آپ کے ساتھ ہیں اور اس ملک کی حکومت کو صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ سب یاد رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ یہ احتجاج مبینہ نیٹ (NEET) پیپر لیک اسکینڈل کے بعد بھارتی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے کے لیے کیا جا رہا ہے۔
مظاہرین کا مؤقف ہے کہ اس اسکینڈل کے باعث متعدد طلبہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوئے، جبکہ مختلف رپورٹس میں کم از کم 12 طلبہ کی خودکشی کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔
