بیرگامو: شہر کے مرکز میں غیرملکی قتل، جھگڑے کے بعد گیمبیا کا شہری چاقو کے وار سے ہلاک، حملہ آور فرار

اٹلی(میاں آفتاب احمد)یرگامو کے مرکز میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 40 سالہ مامادی ٹنکارا، جو گیمبیا سے تعلق رکھتا تھا، جھگڑے کے دوران چاقو کے وار سے ہلاک ہو گیا۔ یہ واقعہ جمعہ کی دوپہر تقریباً 3:30 بجے "ویا تیرابوسکی” میں پیش آیا، جو برگامو کے مرکزی علاقے میں واقع ہے۔
ٹنکارا سپر مارکیٹ کیرفور میں سیکورٹی انچارج کے طور پر کام کرتا تھا اور خیال ہے کہ وہ اپنی ڈیوٹی شروع کرنے کے لیے سائیکل پر جا رہا تھا جب یہ واقعہ پیش آیا۔

عینی شاہدین کے مطابق، ٹنکارا کو راستے میں ایک 40-45 سالہ شخص نے دھکا دیا، جس کی وجہ سے وہ گر گیا۔ گرنے کے بعد حملہ آور نے اسے تین سے چار بار چاقو مارا اور "ویا مورونی” کی طرف فرار ہو گیا۔
ٹنکارا کو عرفِ عام میں "لکمان” کہا جاتا تھا کیونکہ اس کی شکل اٹلانٹا فٹبال کلب کے کھلاڑی سے ملتی تھی۔ وہ برگامو کے قریب وردیلو کے علاقے میں رہتا تھا اور گزشتہ پانچ سالوں سے اپنے بھائی کے ساتھ اٹلی میں مقیم تھا۔
مقتول کے ایک دوست نے "ایکّو دی برگامو” کو بتایا، "مامادی ایک اچھا لڑکا تھا۔ ہم گیمبیا کے لوگ ہر ہفتے ملاقات کرتے ہیں۔ وہ بہت محنتی اور خوش اخلاق تھا اور کافی عرصے سے سیکورٹی انچارج کے طور پر کام کر رہا تھا۔”
پولیس، جس کی قیادت پراسیکیوٹر ماریا کرسٹینا روٹا کر رہی ہیں، حملہ آور کی تلاش میں ہے۔ یہ واقعہ برگامو کے پُررونق علاقے میں پیش آیا جہاں کرسمس مارکیٹس اور دیگر تقریبات جاری ہیں۔