واشنگٹن : مشرقِ وسطیٰ میں موجود امریکی شہریوں کے لیے عالمی سفری انتباہ جاری کردیا گیا ، جس میں کہا ہے پروازوں کی منسوخی، فضائی حدود کی ممکنہ بندش کے پیش نظر محتاط رہیں۔
تفصیلات کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں ایران کے ساتھ بڑھتے ہوئے گشیدگی کے پیشِ نظر امریکی محکمہ خارجہ نے خطے میں موجود شہریوں کے لیے ایک ہنگامی عالمی سفری انتباہ جاری کر دیا ہے۔
جس میں امریکی حکومت نے شہریوں کو سفری رکاوٹوں اور سیکیورٹی خطرات کے حوالے سے سخت الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی اور ممکنہ کارروائیوں کے باعث خطے میں فضائی آپریشن شدید متاثر ہو سکتا ہے۔
الرٹ میں امریکی شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ پروازوں کی اچانک منسوخی، شیڈول میں تبدیلی اور سفر میں پیدا ہونے والی دیگر بڑی رکاوٹوں کے لیے ذہنی طور پر تیار رہیں۔
محکمہ خارجہ نے تاکید کی ہے کہ کوئی بھی امریکی شہری مشرقِ وسطیٰ کے کسی بھی ملک کا سفر کرنے سے قبل متعلقہ ایئر لائنز اور فضائی آپریشن کی تازہ ترین صورتحال لازمی چیک کرے کیونکہ جنگی حالات کے باعث خطے کے مختلف ممالک کی فضائی حدودعارضی یا مستقل طور پر بند کیے جانے کا شدید خدشہ ہے۔
سفری انتباہ میں کہا گیا کہ ایران کے حامی عسکری عناصر اور پراکسیز بیرونِ ملک موجود امریکی شہریوں، سفارت خانوں اور دیگر امریکی مفادات کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔ اس لیے مشرقِ وسطیٰ میں موجود تمام امریکی شہری انتہائی محتاط رہیں، عوامی مقامات پر نقل و حرکت محدود کریں۔
