خواتین کے عالمی دن پر پارٹی خواتین گرفتار ہیں، تحریک انصاف

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں نےکہا ہے کہ عالمی یوم خواتین پر تحریک انصاف کی خواتین گرفتار ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے عمر ایوب، بیرسٹر گوہر خان اور عامر ڈوگر نے اظہار خیال کیا۔

عمر ایوب نے کہا کہ آج خواتین کا عالمی دن ہے اور پی ٹی آئی کی خواتین گرفتار ہیں، پاکستان تحریک انصاف کی خواتین کو گھروں سے گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی قرارداد سے ہٹ کر ایک قرارداد پیش کی ہے، ہم نے اپنی قرارداد میں واضح کیا کہ پی ٹی آئی خواتین پر ظلم بند کیا جائے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے مظالم بند ہونے چاہئیں، آج 4 اراکین نے غیر قانونی طور پر حلف اٹھایا۔

اُن کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ پشاور ہائیکورٹ میں زیرسماعت ہے لیکن پھر بھی حلف اٹھایا، اڈیالہ جیل کا سپرنٹنڈنٹ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتا ہے۔

عمر ایوب نے یہ بھی کہا کہ جیل سپرنٹنڈنٹ پارٹی رہنماؤں کو ملنے کی اجازت نہیں دیتا،جیل سپرنٹنڈنٹ کسی کو عدالتی اجازت کے باوجود ملنے نہیں دیتا۔

بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ چار مخصوص نشستوں پر امیدواروں نے غیرقانونی طور پر حلف اٹھایا، اس اسمبلی میں ہماری 23 نشستیں ہیں وہ کسی اور کو نہیں مل سکتیں۔

انہوں نے کہا کہ آرٹیکل 52 کا ایک ہی مدعا ہے کہ کسی جماعت کو اس کی جیتی نشستوں سے زیادہ ووٹ نہیں مل سکتے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ یہ 23 مخصوص نشستوں پر امیدوار پی ٹی آئی کے ہیں، یہ حلف اٹھانا عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ ہم آگے بڑھنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ہمیں دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگرنے کہا کہ آج سیاہ دن اس لئے ہے کہ عورتوں کے عالمی دن کے موقع پر ڈاکا ڈالا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 86 نشستوں کی جوائننگ دی مخصوص نشستوں کو نہ دیا گیا، آئین کے مطابق مخصوص نشستوں کا کوٹہ ہمارا ہے وہ کسی کو نہیں دیا جا سکتا۔

عامر ڈوگر نے کہا کہ ن لیگ کو مخصوص نشستوں کے ذریعے سب سے بڑی جماعت بنا دیا، ہمارے مینڈیٹ سے کی نشستوں پر ڈاکا ڈالا گیا، آج جمہوریت ہار رہی ہے الیکشن کمیشن اس میں کردار ادا کر رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے