وعدے پورے نہ ہوئے تو وہ وفادار نہیں تو ہم بھی پھر دلدار نہیں، خواجہ اظہار الحسن
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ وعدے پورے نہ ہوئے تو وہ وفادار نہیں تو ہم بھی پھر دلدار نہیں۔
اسلام آباد میں امین الحق کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ ہماری امیدیں بھی ہیں، ماضی میں مایوسی بھی ملی۔
انہوں نے کہا کہ مطالبات اور شکایت ایک دم سے دور نہیں ہو سکتے، بلاول نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ وہ وعدے پورے کریں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امین الحق نے کہا کہ آصف زرداری نے پارلیمنٹ کی مضبوطی کے لیے ہمیشہ کام کیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری سے ہماری ملاقات ہوئی، اُمید ہے وہ ہر سطح پر ہمارے تحفظات کو سمجھیں گے۔
فاروق ستار کا کہنا ہے کہ اُمید ہے اب بلاول بھٹو جان گئے ہوں گے کہ وفا کیا ہے، وفا کرنے سے ملک کے مسائل حل ہوں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے 14ویں صدر کا انتخاب کرنے کے لیے پولنگ کا عمل جاری ہے۔
صدارتی انتخاب کے لیے ہونے والی پولنگ کے حوالے سے صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی میں انتظامات اور تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اور اراکین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
حکمراں اتحاد کی جانب سے آصف علی زرداری اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے محمود خان اچکزئی صدر کے امیدوار ہیں۔