سپین میں جنوری کا دن کیوں منایا جاتا ہے۔ ("دیا دے لاس ریجزماگوس”)

تحریر:سید ایاز حسین ، سابق سفیر پاکستان اور بیوروکریٹ
ہسپانوی روایت کے مطابق چھ جنوری تحائف دینے کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔ دوسرے مما لک کے برعکس سانتا کلاز کا چوبیس (24)دسمبر کی رات تحائف دینے کا تصور کاتالونیا میں شاذ و نادر ہی پسند کیا جاتا ہے۔ کثیر تعداد میں لوگ تحائف "دیا دے لاس ریجزماگوس” کے لئے محفوظ رکھتے ہیں ۔یہ دن مختلف ناموں مثلاً "تین بادشاہوں کا دن ، ایپیفینی یا مختصر کرسمس "کے طور پر بھی پکارا جاتا ہے۔ تین بادشاہوں کا دن دراصل بائبل کی ایک روایت سے ماخوذ ہے جس کے مطابق مشرق بعید کے تین بادشاہ آسمان پر ایک غیر معمولی ستارہ دیکھنے کے بعد نوزائیدہ مسیح کے استقبال کے لیے تحائف لے کر یروشلم پہنچے تھے۔
تینوں بادشاہوں کے نام اور حلیہ کچھ اس طرح تھا۔ : میلچیور یورپ کا عمر رسیدہ بادشاہ جس کے بال سفید اور داڑھی تھی؛ گاسپر ہندوستان کا بادشاہ جس کے بال بھورے اور داڑھی تھی ؛ اور بلتھاسر افریقہ کا سیاہ فام بادشاہ جس کی داڑھی کالی سیاہ تھی۔ بادشاہوں کے آنے سے پہلے بچوں کوبادشاہوں کے نام ایک خط لکھنا پڑتا ہے جس میں وہ بتاتے ہیں کہ انہوں نے گذشتہ سال کے دوران کیسا اچھا برتاؤ کیا ہے اور وہ کون سے تحائف وصول کرنا چاہتے ہیں۔
"دیا دے لاس ریجزماگوس” سے پہلے ایک اہم تقریب منعقد ہوتی ہے جسے تین بادشاہوں کی پریڈ ، یا ہسپانوی زبان میں "لا کبل گاتا دے لاس ریجز ماگوس” کے طور پر جانا جاتا ہے۔ بارسلونا میں یہ پریڈ پانچ جنوری کی وسط دوپہر میں "پورٹ ویل "سے شروع ہوتی ہے کیونکہ بادشاہ حقیقتاً کشتی کے ذریعے ہی بارسلونا پہنچتے ہیں ۔
بارسلونا میئر ان کا استقبال کرتے ہیں اور پھر ایک چھوٹی سی تقریر کے بعد پریڈ شروع ہوتی ہے۔ اس تقریب میں پریڈ کے کرداروں نے شاہی لباس زیبِ تن کیا ہوتا ہے اور سر پر تاج سجائے ہوتے ہیں۔ بعض اوقات مختلف کرداروں کے فلوٹس بھی شامل ہوتے ہیں۔ پریڈ کے دوران بچوں کے خطوط ،بادشاہوں کے شاہی محافظوں کے حوالے کیے جاتے ہیں تاکہ وہ جان سکیں کہ اگلے دن بچوں کے لیے کونسے تحائف لانے ہیں۔ وقفہ وقفہ سے تینوں بادشاہ اور ان کے محافظ تماشائیوں پر چاکلیٹ اور تحائف نچھاور کرتے رہتے ہیں۔ پریڈ عام طور پر تقریبا تین گھنٹے تک جاری رہتی ہے، اور مونتجیک کے مشہور و معروف فوارے پر ختم ہوتی ہے۔ روایتی طور پر تحائف پانچ -چھ جنوری کی رات کو بچوں کے کمروں میں خاموشی سے رکھ دیے جاتے ہیں۔
چھ( 6 )جنوری ایک تہوار کا دن ہے اور خاندان کے تمام افراد کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ خاندان کے تمام افراد دوپہر کا کھانا ایک ساتھ تناول کرتے ہیں اوربچے اپنے اپنے تحائف سے لطف اندوز ہوتے ہیں ۔ اس تہوار کے لیے ایک خاص قسم کا میٹھا تیا کیا جاتا ہے جسے "راسکون دے ریجز” کہا جاتا ہے۔ یہ تاج کی شکل کی میٹھی ڈبل روٹی ہوتی ہے جسے خشک میوہ جات سے سجایا جاتا ہے ۔بچے اور بڑے تہوار کے لیے تیار کردہ خصوصی میٹھا "راسکون دے ریجز” شوق سے کھاتے ہیں۔