امر خان کی اپنے حالیہ انٹرویو پر وضاحت
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ امر خان نے اپنے حالیہ انٹرویو کے بارے میں وضاحت دے دی۔
امر خان نے اپنی انسٹا اسٹوری پر حالیہ انٹرویو کے بارے میں وضاحت دیتے ہوئے لکھا کہ اگر میڈیا پورٹلز میرے حالیہ انٹرویو کے ویڈیو کلپس کو شیئر کرنے سے گریز کریں گے تو مجھے بہت خوشی ہوگی۔
اُنہوں نے لکھا کہ یہ میری غلطی ہے کہ میں نے انٹرویو کے دوران انتہائی ذاتی تعلقات پر کھل کر بات کی۔
اداکارہ نے لکھا کہ یوں عوامی طور پر کسی بھی چیز کے بارے میں ایمانداری سے اعتراف کرنے کے مختلف قسم کے اثرات ہو سکتے ہیں اس لیے انسان کو اس طرح کی چیزوں کو اپنی نجی زندگی تک محدود رکھنا چاہیے۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ میں نے اپنی اس غلطی سے سبق سیکھ لیا ہے اب میرے اس انٹرویو کو غلط انداز میں پیش نہ کریں میں اپنے ساتھ منسلک ہر شخص کا بے حد احترام کرتی ہوں اور میرا مقصد کسی کو نیچا دکھانے کا نہیں تھا۔
واضح رہے کہ امر خان سینئر اداکارہ فریحہ جبین کی بیٹی ہیں اور اُنہوں نے ڈرامہ سیریل بیلا پور کی ڈائن میں نیلوفر کے کردار میں اپنی شاندار اداکاری کے ذریعے شہرت حاصل کی۔