پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے، چیئرمین پی ٹی آئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ اُمید ہے سپریم کورٹ ہمارے حق میں فیصلہ دے گی، سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ ہمارے کیس کا جلد از جلد فیصلہ کرے۔
بیرسٹر گوہر خان کا کہنا ہے کہ کسی بھی جماعت کو اس کی جیتی نشستوں سے زیادہ مخصوص نشستیں نہیں مل سکتیں، پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کو ڈرایا دھمکایا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے دو مقاصد کے لیے سیاسی جماعت کو جوائن کرنا تھا، سیاسی جماعت میں شامل ہونےکا پہلا مقصد یہ تھا کہ ہمیں مخصوص نشستیں ملیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کو خط میں نہیں لکھا کہ پاکستان کو امداد نہ دیں، ہم نے آئی ایم ایف کو خط میں صاف اور شفاف انتخابات کرانے کی شرائط یاد کرائی تھیں۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی اگر کچھ کرتے ہیں تو یہ ان کی مرضی ہے، 80 سیٹیں نہ ملنا بہت بڑا ایشو ہے امید ہے سپریم کورٹ اسکا فیصلہ کرے گی۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن کے لیے امیدوار فائنل کر لیے ہیں، سینیٹ کے الیکشن میں ڈالا گیا ووٹ قابل تصدیق ہونا چاہیے۔