اشرافیہ اربوں کماتی ہے مگر ٹیکس نہیں دیتی، عطاء تارڑ
وزیر اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ اشرافیہ اربوں کماتی ہے لیکن اس طرح ٹیکس نہیں دیتی، ایسا نظام وضع کیا جائے گا کہ اشرافیہ ٹیکس کا بوجھ اٹھائے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے عطاء تارڑ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے ساتھ میثاق جمہوریت پر دستخط کیے ہیں، مشکل وقت آیا تو پیپلز پارٹی ملک کیلئے ہمارے ساتھ کھڑی ہوئی، پیپلز پارٹی سے تعلق مثالی ہے۔
وزیراطلاعات نے کہا کہ بطور صدر آصف زرداری وفاق اور ہماری حکومت کو مضبوط کریں گے، کوشش ہوگی جو اہل شخص ہو سیاسی اتفاق رائے سے اس کی تقرری ہو، وفاقی کابینہ نئے اور پرانے سیاستدانوں اور ٹیکنوکریٹس کا امتزاج ہے، ٹیکنوکریٹ کو بطور وزیر خزانہ لانے کا فیصلہ کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی کابینہ میں اضافے کا امکان ہمیشہ رہے گا، اچھا ہوتا پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ میں شامل ہوتی، بلوچستان، جنوبی پنجاب، خیبر پختونخوا سے وفاقی کابینہ میں نمائندگی ہے۔
عطاء اللّٰہ تارڑ نے یہ بھی کہا کہ ٹیکس کا بوجھ مٹھی بھر اشرافیہ اٹھائے اس کا نظام وضع کیا جائے گا، ایف بی آر کی تنظیم نو حکومت کی ترجیح ہے، پی آئی اے کی نجکاری تیزی سے چل رہی ہے، مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ائیرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کو مکمل کیا جائے گا، پچھلی حکومت میں پی آئی اے کی نجکاری کا شیڈول جاری کر دیا تھا، پی آئی اے کی نجکاری کا ٹینڈر کوشش ہے مئی میں مکمل کر لیا جائے۔