نفسانفسی کے اس دور میں وطن شہدا کی قربانیوں کی بدولت زندہ ہے، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اکلوتا جوان بیٹا وطن پر قربان ہوگیا، باپ کا حوصلہ ہمالیہ سے بھی بلند ہے۔ نفسانفسی کے اس دور میں وطن شہدا کی قربانیوں کی بدولت زندہ اور پائندہ ہے۔
اسلام آباد سے جاری بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ 25 کروڑ کی یہ قوم اس باپ کا مل کر بھی احسان نہیں اتار سکتی۔ ہمارے اعمال اتنی عظیم قربانیوں کے مستحق نہیں۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ نواز شریف کو نکالنے کےلیے استعمال قانون اور قاعدے متروک ہوجائیں تو عدالت ان تمام سازشی کرداروں سے پیار سے ہی پوچھ لے کہ چلتی معیشت کو تباہ کیوں کیا گیا؟
انہوں نے کہا کہ منتخب وزیر اعظم کو ڈرامے رچا کر فارغ اور قید کیا گیا، ملک کو لٹیروں کے حوالے کیوں کیا گیا؟ کوئی تو غلطی مانے۔
خواجہ آصف نے کہا کوئی اتنی اخلاقی جرات اور غیرت کا مظاہرہ کرے، اگر آپ اپنا مستقبل درست کرنا چاہتے ہیں تو ماضی سے قطع تعلق کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اس پر کم از کم ندامت کا اظہار کرنا ہوگا، ذوالفقار بھٹو کے ریفرنس پر عدالتی فیصلہ تاریخ کو درست کرنے کی قابل ستائش کوشش ہے، انصاف نواز شریف کا بھی حق ہے۔